سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

حرم مقدس امیر‌المؤمنین علیہ‌السلام میں زیارت اربعین کی مبلغات کے مرکزی امتحان کا انعقاد

حرم مقدس امیر‌المؤمنین علیہ‌السلام کے شعبۂ امورِ دینیہ کے ذیلی شعبۂ تبلیغِ دینی نے زیارتِ اربعین کے لیے منعقد کیے جانے والے "طریق یا حسین" تبلیغی منصوبے کی مبلغات کے مرکزی اہلیتی امتحان کی میزبانی کی۔ یہ امتحان ہر سال مرجعیتِ عالی دینی کی سرپرستی اور حوزۂ علمیہ کے تبلیغی منصوبے کی مرکزی انتظامیہ کی نگرانی میں منعقد کیا جاتا ہے۔

منصوبے کی تنظیمی ذمہ دار فاطمہ الشمری نے مرکزِ خبر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"اس امتحان کا مقصد مبلغات کی علمی اور شرعی صلاحیت کا جائزہ لینا اور اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ زائراتِ اربعین کی دینی و فکری ضروریات کے مطابق ایک مضبوط، مستند اور مؤثر تبلیغی پیغام پیش کیا جائے۔ یہ امتحان مبلغات کی علمی و عملی تربیت کا بنیادی مرحلہ ہے اور زیارتِ اربعین کے دوران میدانِ تبلیغ میں خدمات انجام دینے کے لیے اس میں کامیابی بنیادی شرط کی حیثیت رکھتی ہے۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ اس امتحان میں مجموعی طور پر ۸۴۵ نامزد امیدواروں میں سے ۸۱۹ مبلغات شریک ہو رہی ہیں، جو نجفِ اشرف کی تقریباً ۱۴ خواتین حوزاتِ علمیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، جن میں حضوری اور آن لائن دونوں طرزِ تعلیم شامل ہیں۔

فاطمہ الشمری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس علمی جانچ کے نظام سے تبلیغی خدمات کے معیار میں مزید بہتری آئے گی، مبلغات کی علمی استعداد میں اضافہ ہوگا اور حوزوی تبلیغی سرگرمیوں میں علمی و منہجی بنیادوں کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔

قابلِ ذکر ہے کہ حرم مقدس امیر‌المؤمنین علیہ‌السلام ہر سال زائرین و زائرات کی خدمت کے لیے پیشگی منصوبہ بندی اور جامع انتظامات کرتا ہے، تاکہ حضرت امیرالمؤمنین (علیہ‌السلام) کے روضۂ اقدس کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین، کربلائے مقدسہ روانگی سے قبل بہترین دینی، ثقافتی اور خدماتی سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور زیارتِ اربعین کی عظیم معنوی فضا سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے