سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

امیرالمومنین علم و دانش کا دروازہ

امیرالمومنین علیہ‌السلام علم و دانش کا دروازہ

علم و دانش سے بہرہ‌مند ہونا، امیرالمومنین علیہ‌السلام کی شخصیت کے نمایاں ترین اوصاف میں سے ایک ہے، جس کی طرف رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ نے بارہا اپنے کلام میں اشارہ فرمایا ہے۔ امیر‌المومنین علیہ‌السلام کی ایک خاص صفت اپنے زمانے کے حالات سے آگاہی تھی؛ یعنی اس بات کا علم رکھنا کہ کیا گزر چکا ہے اور کیا ہونے والا ہے۔آگے چل کر آپ ایسی حیرت انگیز روایات و احادیث ملاحظہ فرمائیں گے جو امیر‌المومنین علیہ‌السلام کے علم و آگاہی کی گہرائی اور وسعت کو بیان کرتی ہیں۔

امیر‌المومنین علیہ‌السلام توحید، کتاب خدا (قرآن مجید) اور اس کی آیات کے عالم تھے۔ فرشتوں اور انبیاء علیہم‌السلام، ان کی رسالت اور مرنے کے بعد کے عوالم کے حالات سے بھی باخبر تھے۔

اس کے علاوہ، امیرالمومنین علیہ‌السلام تمام آراء، نظریات، نزاعات اور مجادلات سے آگاہ تھے۔

ان آیات اور احادیث شریف میں، حضرت علیہ‌السلام کے مقام کے بارے میں اس طرح آیا ہے:

  • رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ نے فرمایا:

أنَا مَدینَهُ العِلمِ وعَلِیٌّ بابُها۔[۱]

میں علم کا شہر ہوں اور علی اس شہر کا دروازہ ہیں۔

  • رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ نے فرمایا:

أنا ميزانُ العلمِ و عليٌّ كفّتاه۔[۲]

میں علم کا میزان اور ترازو ہوں اور علی اس کے دونوں پلڑے ہیں۔

  • رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ نے فرمایا:

علی علیہ‌السلام علم کا دروازہ ہیں اور وہ میری امت کے لیے میرے بعد ہر اُس چیز کو واضح کرنے والے ہیں جس کے لیے مجھے مبعوث کیا گیا ہے۔[۳]

  • تفسیر قرطبی میں عبد الله بن عطا سے نقل ہوا ہے:

میں نے ابو جعفر بن علی بن حسین بن علی بن ابی‌طالب علیہ‌السلام (امام محمد باقر علیہ‌السلام) سے کہا: لوگ گمان کرتے ہیں کہ علم کتاب سے مراد عبد الله بن سلام ہیں!

امام علیہ‌السلام نے فرمایا: یقیناً وہ (علم کتاب کا مصداق) علی بن ابی‌طالب علیہ‌السلام ہیں۔[۴]

  • شواهد التنزيل میں حسکانی نے ابن عباس سے نقل کیا ہے:

خداوند تعالی کے اس فرمان: أَفَمَن كَانَ عَلَى بَيِّنَةٍ مِّن رَّبِّهِ۔[۵] کے بارے میں آیا ہے:

رسول صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ نے فرمایا: وَيَتْلُوهُ شَاهِدٌ مِّنْهُ[۶] سے مراد علی بن ابی‌طالب ہیں۔[۷]

لوگوں کی اخروی سرنوشت سے متعلق امیرالمومنین علیہ‌السلام کے علم غیب پر ایک عجیب روایت
  • صاحب تذکره خواص نے زادان سے روایت کی ہے:

میں نے امیر‌المومنین علیہ‌السلام کو یہ فرماتے ہوئے سنا:

قسم ہے اُس ذات کی جس نے دانہ شکافتہ کیا اور مخلوقات کو پیدا کیا! اگر حکومت کی مسند مجھے دی جائے تو میں اہل تورات کے درمیان تورات کے مطابق فیصلہ کروں گا، اہل انجیل کے درمیان انجیل کے مطابق فیصلہ کروں گا، اہل زبور کے درمیان زبور کے مطابق فیصلہ کروں گا، اور اہل فرقان کے درمیان فرقان (قرآن) کے مطابق فیصلہ کروں گا۔ قسم ہے اُس ذات کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے! قریش میں کوئی ایسا شخص نہیں ہے جس پر مصائب نازل ہوئے ہوں، مگر یہ کہ میں جانتا ہوں کہ وہ کس آیت کے سبب جنت میں جائے گا یا جہنم میں جائے گا۔

اسی دوران ایک شخص نے حضرت سے پوچھا: یا امیر‌المومنین علیہ‌السلام! آپ علیہ‌السلام کے بارے میں کون سی آیت نازل ہوئی ہے؟

آپ علیہ‌السلام نے فرمایا: أَفَمَن كَانَ عَلَىٰ بَيِّنَةٍ مِّن رَّبِّهِ وَيَتْلُوهُ شَاهِدٌ مِّنْهُ۔[۸]

کیا جو شخص اپنے رب کی طرف سے کھلی دلیل رکھتا ہے اور اس کے پیچھے اس کا گواہ بھی ہے؟ پس رسول اللہ صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ دلیل ہیں اور میں ان کا گواہ ہوں۔

  • امام صادق علیہ‌السلام سے روایت ہے:

آپ علیہ‌السلام نے فرمایا: یقیناً خداوند تبارک و تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ‌السلام سے فرمایا: وَكَتَبْنَا لَهُ فِي الْأَلْوَاحِ مِن كُلِّ شَيْءٍ مَّوْعِظَةً وَتَفْصِيلًا لِّكُلِّ شَيْءٍ۔[۹]

اور ہم نے توریت کی تختیوں میں ہر شے میں سے نصیحت کاحصہ اور ہر چیز کی تفصیل لکھ دی ہے۔

یہ نہیں فرمایا: تمام نصیحتیں!

اور حضرت عیسیٰ علیہ‌السلام سے فرمایا: وَلِأُبَيِّنَ لَكُم بَعْضَ الَّذِي تَخْتَلِفُونَ فِيهِ۔[۱۰] اور اس لئے کہ بعض ان مسائل کی وضاحت کردوں جن میں تمہارے درمیان اختلاف ہے۔

لیکن یہ نہیں فرمایا: ہر چیز!

لیکن امیرالمومنین علیہ‌السلام کے بارے میں فرمایا: قُلْ كَفَىٰ بِاللَّهِ شَهِيدًا بَيْنِي وَبَيْنَكُمْ وَمَنْ عِندَهُ عِلْمُ الْكِتَابِ۔[۱۱]

کہہ دیجئے کہ ہمارے اور تمہارے درمیان رسالت کی گواہی کے لئے خدا کافی ہے اور وہ شخص کافی ہے جس کے پاس پوری کتاب کا علم ہے۔

اسی طرح خداوند عزوجل نے فرمایا: وَلَا رَطْبٍ وَلَا يَابِسٍ إِلَّا فِي كِتَابٍ مُّبِينٍ۔[۱۲] ‎

کوئی خشک و تر ایسا نہیں ہے جو کتاب مبین کے اندر محفوظ نہ ہو

اور یہ بھی فرمایا: وَكُلَّ شَيْءٍ أَحْصَيْنَاهُ فِي إِمَامٍ مُّبِينٍ۔[۱۳]

اور ہم نے ہر شے کو ایک روشن امام میں جمع کردیا ہے۔

اور اس کتاب کا علم امام علی، امیرالمومنین علیہ‌السلام کے پاس ہے۔[۱۴]

مآخذ
[۱] صحیح ترمذی ،ج۲، ص: ۲۱۴
[۲] مصابيح السنه، ص ۷۷۰
[۳] كنز الاعمال: ج۶، ص ۱۵۶
[۴] تفسير قرطبی: ج۹، ص۳۳۶
[۵] سوره هود آیه ۱۷
[۶] سوره هود آیه ۱۷
[۷] شواهد التنزيل: ج۱ ص۳۶۵، تذكرة الخواصّ: ص۱۶
[۸] سوره هود آیه ۱۷
[۹] سوره اعراف آیه ۱۴۵
[۱۰] سوره زخرف آیه ۶۳
[۱۱] سوره رعد آیه ۴۳
[۱۲] سوره انعام آیه ۵۹
[۱۳] سوره یس آیه ۱۲
[۱۴] الاحتجاج: ج۲، ص۳۰۲، بصائر الدرجات: ص۲۲۹

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے