- اسی خطبے کے اختتام پر امام سجاد علیہ السلام نے اپنی پھوپھی سے فرمایا:
آپ، بحمد اللہ، عالمہ ہیں، حالاں کہ کسی نے آپ کو تعلیم نہیں دی، اور فہم و فراست رکھتی ہیں، حالاں کہ کسی نے آپ کو سمجھایا نہیں۔(1)
عالمہ غیر معلّمہ کی تعبیر حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے غیر معمولی علمی مقام کی خبر دیتی ہے؛ ایسا علم جسے صرف معمول کے تعلیمی ذرائع کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ نے تعلیم و تربیت حاصل نہیں کی تھی؛ زینب سلام اللہ علیہا ، علی و فاطمہ علیہماالسلام کی بیٹی تھیں اور وحی و دین کے سرچشموں کے زیرِ سایہ پرورش پائی تھیں۔ آپ کی زندگی اس بات کی گواہ ہے کہ یہ علم کس طرح حدیث کی روایت، قرآن کی تعلیم اور حق کے دفاع کی صورت میں جلوہ گر ہوا۔
آپ ابھی کم سن ہی تھیں کہ آپ کی والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے حق کے دفاع میں آواز بلند کی۔ حضرت زینب اپنی والدہ کے خطبات و ارشادات کی راویہ بنیں اور اس علمی میراث کو اگلی نسلوں تک پہنچایا۔ مقاتل الطالبیین میں مذکور ہے کہ ابن عباس حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا خطبۂ فدک حضرت زینب سلام اللہ علیہا سے روایت کرتے تھے اور کہا کرتے تھے: ’’ہماری عقيلہ، زینب بنت علی نے مجھ سے حدیث بیان کی۔‘‘(2) یہ روایت حضرت زینب سلام اللہ علیہا کو ایسی شخصیت کے طور پر متعارف کراتی ہے جن کی روایت سے لوگ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دخترِ گرامی کے کلام سے آگاہ ہوتے تھے۔
حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا علمی تعلق امیرالمومنین علیہ السلام سے بھی آپ کی زندگی کے مختلف واقعات میں نمایاں نظر آتا ہے۔ والدِ گرامی کی زندگی کے آخری ایام میں، جب ابن ملجم کی ضربت کے باعث آپ بسترِ علالت پر تھے، حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے ایک ایسی حدیث کے بارے میں سوال کیا جو ام ایمن نے انہیں خاندانِ رسالت پر آنے والی مصیبتوں کے حوالے سے بیان کی تھی۔ آپ نے عرض کیا: ’’بابا جان! ام ایمن نے مجھے یہ اور یہ باتیں بتائی ہیں؛ میری خواہش ہے کہ میں یہ حدیث آپ سے بھی سنوں۔ امیرالمومنین علیہ السلام نے جواب دیا: بیٹی حدیث وہی ہے جو ام ایمن نے تمہیں بیان کی ہے۔‘‘(3)
یہ سوال حدیث کو سمجھنے اور نقل کرنے کے معاملے میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی غیر معمولی دقتِ نظر کو ظاہر کرتا ہے۔ آپ نے جو بات سنی تھی، اسے امیرالمومنین علیہ السلام کے سامنے پیش کیا اور آپ سے اس کی تصدیق چاہی۔ کئی برس بعد امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے بعد آپ نے یہی روایت امام سجاد علیہ السلام کے سامنے بیان کی اور رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس بشارت کی یاد دہانی کرائی کہ سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی قبر باقی رہے گی۔ خاندانِ وحی سے سنی ہوئی باتیں آپ نے سخت ترین حالات میں بھی حقائق کو واضح کرنے اور غم زدہ دلوں کو تسلی دینے کے لیے استعمال کیں۔(4)
حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا علم صرف حدیث کی روایت تک محدود نہیں تھا۔ کوفہ میں آپ کی موجودگی کے زمانے سے متعلق بعض روایات میں آیا ہے کہ لوگوں کے ایک گروہ نے امیرالمومنین علیہ السلام سے درخواست کی کہ وہ اپنی خواتین کو آپ کی صاحبزادی کے پاس جانے کی اجازت دیں تاکہ وہ ان سے دینی معارف اور تفسیرِ قرآن سیکھ سکیں۔ امیرالمومنین علیہ السلام نے اجازت دے دی اور حضرت زینب نے انہیں تعلیم دینا شروع کر دی۔(5) یہ روایت مسلمان خواتین کے درمیان حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی علمی و تعلیمی سرگرمیوں کی ایک تصویر پیش کرتی ہے؛ آپ ایسی خاتون تھیں جو اپنے علم و معرفت کو دوسروں تک پہنچاتی تھیں۔
کئی برس بعد اسی شہر میں آپ کا قرآنی علم ان خطبات کی صورت میں سامنے آیا جنہوں نے لوگوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ خطبۂ کوفہ کے راوی کہتے ہیں: گویا حضرت زینب سلام اللہ علیہا امیرالمومنین علی علیہ السلام کی زبان سے گفتگو کر رہی تھیں۔(6) یہ مشابہت صرف آپ کے کلام کی پختگی ہی میں نہیں، بلکہ مخاطبین کو جھنجھوڑنے اور انہیں بیدار کرنے کے انداز میں بھی دکھائی دیتی ہے۔ آپ نے عہد شکن لوگوں کو اس عورت سے تشبیہ دی جو مضبوطی سے کاتا ہوا دھاگا بعد میں خود ہی کھول کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیتی ہے۔ یہ قرآنِ کریم سے ماخوذ ایک ایسی مثال تھی جو ان کے طرزِ عمل کو ان کے سامنے آشکار کر رہی تھی۔ جن لوگوں نے مدد کا وعدہ کیا تھا اور پھر اپنا عہد توڑ دیا تھا، وہ اس مثال میں اپنے ہی کردار کا عکس دیکھ رہے تھے۔(7)
حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے کلام کا اثر سامعین کے چہروں سے نمایاں تھا۔ راوی بیان کرتا ہے کہ اس نے اپنے قریب ایک بوڑھے شخص کو دیکھا جس کی داڑھی آنسوؤں سے تر تھی اور وہ آسمان کی طرف ہاتھ اٹھائے ہوئے تھا۔ وہ کہہ رہا تھا: ’’میرے ماں باپ ان پر قربان ان کے بوڑھے، تمام بوڑھوں سے بہتر ہیں؛ ان کی خواتین، تمام خواتین سے بہتر ہیں؛ ان کے جوان، تمام جوانوں سے بہتر ہیں؛ ان کی نسل، بہترین نسل ہے اور ان کی فضیلت عظیم ہے۔‘‘(8) اس مجمع میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے کلام نے ایک بار پھر اس خاندان کی عظمت یاد دلا دی تھی جس کے باقی ماندہ افراد کو اب اسیر بنا کر لایا گیا تھا۔
یزید کے دربار میں بھی حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے قرآنِ کریم کی روشنی میں اس کی فتح و کامیابی کے غلط تصور کا جواب دیا۔ یزید اپنی ظاہری طاقت اور غلبے کو اپنی برتری کی دلیل سمجھ رہا تھا؛ لیکن حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے سورۂ آل عمران کی آیت 178 یاد دلا کر واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کافروں کو مہلت دیا جانا اس بات کی علامت نہیں کہ ان کے لیے کوئی بھلائی یا رضامندی ہے۔ اس طرح آپ نے طاقت رکھنے اور حق پر ہونے کے درمیان واضح فرق قائم کیا اور خاندانِ رسول کی اسیری کو حق کی شکست قرار دینے کی اجازت نہیں دی۔(9)
حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے ان خطبات میں قرآن کی آیات کو ان کے حقیقی اور مناسب مقام پر استعمال کیا گیا ہے: حق کو روشن کرنے، مخاطب کی غلطی آشکار کرنے اور مظلوم کا دفاع کرنے کے لیے۔ آپ کوفہ میں لوگوں کو ان کی ذمہ داری یاد دلاتی ہیں اور شام میں حاکم کے دعوے کو قرآن کے معیار پر پرکھتی ہیں۔
حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی یہ دانائی اور استقامت دوسروں کی تحریروں میں بھی منعکس ہوئی ہے۔ ابن اثیر حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا تعارف کراتے ہوئے آپ کو ایک عاقل، فہیم اور پختہ عزم خاتون قرار دیتے ہیں۔ یزید کے سامنے آپ کے خطبات کو آپ کی عقل مندی اور قوتِ قلب کی علامت سمجھتے ہیں۔(10)
. «وأنت بحمد الله عالمة غير معلمة، فهمة غير مفهمة». الاحتجاج، ج۲، ص۳۱.
2 . «والعقيلة هي التي روى ابن عباس عنها كلام فاطمة في فدك، فقال: حدثتني عقيلتنا زينب بنت علي». مقاتل الطالبيين، ص۷۶.
3 . «يا أبة حدثتني أم أيمن بكذا وكذا وقد أحببت أن أسمعه منك»؛ «يا بنية الحديث كما حدثتك أم أيمن». كامل الزيارات، باب۸۸، ص۴۴۵–۴۴۸.
4 . همان.
۵ . «ائذن لنسائنا كي يأتين إلى ابنتك ويتعلمن منها معالم الدين وتفسير القرآن». زينب الكبرى من المهد إلى اللحد، ص۵۴، به نقل از الخصائص الزينبية، ص۶۸ و ریاحین الشریعة، ج۳، ص۵۷.
۶ . «كأنها تنطق وتفرغ عن لسان علي». الاحتجاج، ج۲، ص۲۹.
۷ . «إنما مثلكم كمثل التي نقضت غزلها». الاحتجاج، ج۲، ص۲۹–۳۰؛ سورۀ نحل، آیۀ۹۲.
۸ . «بأبي وأمي كهولهم خير كهول، ونساؤهم خير نساء، وشبابهم خير شباب، ونسلهم نسل كريم، وفضلهم فضل عظيم». الاحتجاج، ج۲، ص۳۱.
۹ . «وَلَا يَحْسَبَنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا أَنَّمَا نُمْلِي لَهُمْ خَيْرٌ لِأَنْفُسِهِمْ إِنَّمَا نُمْلِي لَهُمْ لِيَزْدَادُوا إِثْمًا وَلَهُمْ عَذَابٌ مُهِينٌ». سورۀ آلعمران، آیۀ۱۷۸؛ الاحتجاج، ج۲، ص۳۵.
۱۰ . «وكانت زينب امرأة عاقلة لبيبة جزلة»؛ «وهو يدل على عقل وقوة جنان». أسد الغابة في معرفة الصحابة، ج۷، مدخل «زينب بنت علي بن أبي طالب».
