حرم مطہر امیرالمومنین علیہالسلام کے شعبۂ منصوبہ بندی و ترقی کے مرکز نظم سے وابستہ امام حسن علیہ السلام ٹاؤن برائے فروغ مہارت نے اپنے اسٹریٹجک پروگرام مؤسسہ علوی کا پہلا مرحلہ منعقد کیا، جس میں صوبۂ بصرہ کے ثقافتی گروپ بشارت یافتگان کے ۲۵ ارکان نے شرکت کی۔
تین روزہ اس پروگرام میں خصوصی لیکچرز، تربیتی ورکشاپس، مکالماتی نشستوں، ثقافتی سرگرمیوں اور مقدس مقامات کی زیارت کا اہتمام کیا گیا۔
نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا پروگرام
امام حسن علیہ السلام ٹاؤن میں فروغِ مہارت کی ٹیم کے رکن محمد حسین مقبل نے حرم کے مرکز رساں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حرم مطہر امیرالمومنین علیہالسلام کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں بصرہ کے ثقافتی گروپ بشارت یافتگان کے دوسرے گروپ کی میزبانی کی گئی۔
انہوں نے بتایا:
اس مرحلے میں ۲۵ نوجوانوں نے شرکت کی اور پروگرام تین روز تک جاری رہا۔ اس کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ حرم مطہر امیرالمومنین علیہالسلام اور دینی اداروں کے ساتھ ان کے روابط کو مضبوط بنانا تھا۔
تربیتی ورکشاپس اور ثقافتی نشستیں
محمد حسین مقبل نے مزید بتایا:
پروگرام کے دوران مختلف موضوعات پر خصوصی لیکچرز اور تربیتی ورکشاپس منعقد کی گئیں۔ ان میں گروپوں کے نظم و نسق، ذرائع ابلاغ کے ذریعے گمراہ کن پروپیگنڈے سے آگاہی اور وقت کے بہتر استعمال جیسے موضوعات شامل تھے۔
اس کے علاوہ شام کے وقت ثقافتی شناخت کے عنوان سے ایک مکالماتی نشست بھی منعقد ہوئی، جس سے حوزۂ علمیہ کے ایک استاد نے خطاب کیا۔
انہوں نے مزید کہا:
پروگرام میں تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ امیرالمومنین علی علیہالسلام کے روضۂ مبارک، مسجدِ کوفہ اور مسجدِ سہلہ کی زیارت بھی شامل تھی۔ یہ سرگرمیاں پروگرام کے ثقافتی اور تربیتی مقاصد کے تحت ترتیب دی گئی تھیں۔
مختلف صوبوں کے نوجوانوں کے لیے تربیتی مواقع
محمد حسین مقبل کے مطابق اس پروگرام میں عراق کے مختلف صوبوں میں سرگرم نوجوانوں کے گروپس اور ثقافتی تنظیموں کے ارکان کو شرکت کا موقع دیا جاتا ہے۔ یہ گروپس پروگرام میں شمولیت کے لیے اپنی درخواستیں جمع کراتے ہیں، جس کے بعد منتخب افراد کو امام حسن علیہ السلام ٹاؤن میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا:
حرم مطہر امیرالمومنین علیہالسلام شرکا کی تمام بنیادی ضروریات، جن میں رہائش اور کھانے پینے کا انتظام بھی شامل ہے، فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ پروگرام کے دوران مقدس مقامات کی زیارت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ مؤسسہ علوی پروگرام امام حسن علیہ السلام ٹاؤن برائے فروغِ مہارت کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ اس پروگرام کا مقصد عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے گروپس اور ثقافتی تنظیموں کی میزبانی کرنا اور انہیں انتظامی، ابلاغی، ثقافتی اور تربیتی موضوعات پر خصوصی کورسز فراہم کرنا ہے۔



