سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

حضرت فاطمہ زہرا کی شبانہ تدفین

حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہا کی شبانہ تدفین: قبر مخفی ہونے کا راز کیا ہے؟

مدینہ کی فضا کائنات کی عظیم ترین خاتون کے غم میں ڈوبی ہوئی تھی۔ اس کرب ناک رات میں رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ کی یادگار کو خاموشی سے رات کی تاریکی میں سپرد خاک کر دیا گیا اور امیرالمومنین علیہ‌السلام نے اپنی شریک حیات کے پوشیدہ مزار کے گرد یقین و استقامت کا ایسی حصار بنا دیا کہ کوئی تجاوز کرنے والا اس نورانی بارگاہ کی حرمت پامال نہ کر سکے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہا کی شہادت اور شبانہ تدفین تاریخ اسلام کے نہایت حساس اور غم انگیز واقعات میں شمار ہوتی ہے۔ یہ واقعہ اسلامی تاریخ کے دردناک ابواب میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اس موقع پر مولائے متقین امیرالمومنین علیہ‌السلام نے غیر معمولی تدبر اور اقتدار عمل کا مظاہرہ فرمایا۔ آپ علیہ‌السلام نے حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہا کے جسد اطہر کو سب کی نگاہوں سے پوشیدہ رکھ کر سپرد خاک کیا۔ ان لوگوں نے اس پاکیزہ مزار کو کھودنے اور اس کی حرمت پامال کرنے کا ارادہ کیا۔ آپ علیہ‌السلام نے بے مثال استقامت کا مظاہرہ فرمایا۔ اس طرح آل اللہ اور رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ کی دختر گرامی کی حرمت کا دفاع کیا۔

غسل کا اہتمام

حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہاکی زندگی کے آخری لمحات اور غسل کے اہتمام کے بارے میں تفصیلی روایات نقل ہوئی ہیں جو اس دردناک وداع کے موقع پر لوگوں کی محدود موجودگی کی نشاندہی کرتی ہیں۔

محمد بن ہمام کی روایت کے مطابق:

جو غیبت صغریٰ کے زمانے میں ایک معتبر شیعہ محدث اور امام زمانہ عجل‌اللہ‌تعالی‌فرجہ‌الشریف کے خاص نائبین کے اصحاب میں شمار ہوتے ہیں، حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہاکی عمر مبارک اٹھارہ سال اور پچاسی دن تھی، امیرالمومنین علی علیہ‌السلام نے آپ سلام‌اللہ‌علیہا کو غسل دیا۔ اس موقع پر صرف حضرات امام حسن اور امام حسین علیہماالسلام، حضرت زینب سلام‌اللہ‌علیہا، حضرت ام کلثوم سلام‌اللہ‌علیہا، خادمہ فضہ اور اسماء بنت عمیس آپ علیہ‌السلام کے ساتھ موجود تھیں۔[۱]

مظلومانہ تشییع جنازہ

حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہاکی شہادت کے ساتھ ہی شہر مدینہ ایک عظیم غم میں ڈوب گیا۔ آپ سلام‌اللہ‌علیہا کے جسد اطہر کو آپ سلام‌اللہ‌علیہا کی وصیت کے مطابق رات کے وقت خاموشی اور رازداری کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

جب حضرت فاطمہ سلام‌اللہ‌علیہا نے اس دنیا سے آنکھیں بند کیں تو آپ سلام‌اللہ‌علیہا کی شہادت کی خبر پورے مدینہ میں پھیل گئی۔ لوگوں نے چیخ و پکار اور گریہ و زاری شروع کر دی۔ شہر کی خواتین آپ سلام‌اللہ‌علیہا کے گھر جمع ہو گئیں۔

بلند آواز سے روتے ہوئے کہنے لگیں: اے ہماری سیدہ! اے رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ کی بیٹی!

بہت سے لوگ امیرالمومنین علی علیہ‌السلام کے پاس بھی پہنچ گئے، آپ علیہ‌السلام سوگوار تھے، جبکہ امام حسن اور امام حسین علیہماالسلام اپنے والد کے سامنے بیٹھے اشک بہا رہے تھے۔ ان دونوں کی گریہ و زاری دیکھ کر لوگ بھی رونے لگے۔

اسی دوران حضرت ام کلثوم سلام‌اللہ‌علیہا چہرہ ڈھانپے ہوئے اور ایک طویل چادر اوڑھے گھر سے باہر تشریف لائیں، جس کا دامن زمین پر گھسٹ رہا تھا۔

آپ سلام‌اللہ‌علیہا نے غمگین لہجے میں فرمایا: اے نانا جان! اے رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ! آج ہم نے آپ  کو اس طرح کھو دیا ہے گویا اب کبھی آپ کی زیارت نصیب نہیں ہوگی۔

لوگ جمع ہو گئے اور اس انتظار میں کھڑے رہے کہ جسد اطہر کو باہر لایا جائے تاکہ وہ نماز جنازہ ادا کر سکیں، لیکن جناب ابوذر گھر سے باہر آئے۔

لوگوں سے کہا: واپس چلے جاؤ، کیونکہ رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ کی لخت جگر کے جنازے کو باہر لانے میں تاخیر ہو گئی ہے۔

رات کی تاریکی میں مظلومانہ تدفین

جب لوگ منتشر ہو گئے، رات کا کچھ حصہ گزر گیا اور شہر پُرسکون ہو گیا تو امیرالمومنین علی علیہ‌السلام، امام حسن اور امام حسین علیہما السلام نے جناب عمار، مقداد، عقیل، زبیر، ابوذر، سلمان، بریدہ، بنی ہاشم کے چند افراد اور امیرالمومنین علیہ‌السلام کے خاص اصحاب کے ہمراہ جسد اطہر کو باہر نکالا، اس پر نماز ادا کی اور رات کی تاریکی میں سپرد خاک کر دیا۔ امیرالمومنین علی علیہ‌السلام نے اصل قبر کی شناخت چھپانے کے لیے اس کے گرد سات مزید قبریں بھی بنا دیں۔

امیرالمومنین علیہ‌السلام کے قریبی اصحاب نے نقل کیا ہے:

تدفین کے بعد آپ علیہ‌السلام نے حضرت فاطمہ سلام‌اللہ‌علیہا کے مزار پاک کو زمین کے برابر کر دیا اور اسے ہموار بنایا، آپ علیہ‌السلام نے مالہ استعمال کرتے ہوئے قبر کی سطح کو اس قدر صاف اور یکساں کر دیا کہ کوئی شخص اس کی اصل جگہ کی شناخت نہ کر سکے۔[۲]

حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہا کا مزار پوشیدہ کیوں ہے؟

حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہا کی شبانہ تدفین کے بعد آپ سلام‌اللہ‌علیہا کے مزار کو ظاہر کرنے کا مسئلہ ایک تنازعے کی صورت اختیار کر گیا۔ اس کا امیرالمومنین علیہ‌السلام نے فیصلہ کن انداز میں جواب دیا۔

اگلی صبح جب مسلمانوں کو حضرت فاطمہ سلام‌اللہ‌علیہا کی شبانہ تدفین کی خبر ملی تو وہ بقیع کی طرف روانہ ہوئے۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے چالیس نئی قبریں دیکھیں۔ لیکن ان چالیس قبروں میں سے حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہا کی قبر کی شناخت نہ کر سکے۔ اس مصیبت پر تمام لوگ زار و قطار رونے لگے۔

ایک دوسرے کو ملامت کرنے لگے اور کہنے لگے:

تمہارے نبی صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ نے اپنے پیچھے ایک بیٹی کے سوا کوئی اولاد نہیں چھوڑی تھی، فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہا کو دفن کر دیا گیا اور تم ان کی وفات کے وقت موجود نہیں تھے نہ تم نے ان کے جنازے پر نماز ادا کی اور نہ ہی تمہیں ان کی قبر کی جگہ معلوم ہے!

اسی دوران بعض سرکردہ افراد نے کہا:

مسلمان خواتین کے ایک گروہ کو بلاؤ تاکہ وہ ان قبروں کو کھودیں، فاطمہ سلام‌اللہ‌علیہا کے جسد کو تلاش کریں، ان کے جسم اطہر پر نماز پڑھیں اور ان کی قبر کی زیارت کریں!

جب یہ سازش امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ‌السلام تک پہنچی تو آپ علیہ‌السلام غصے کی حالت میں جنت البقیع میں تشریف لائے۔ اس حالت میں کہ آپ علیہ‌السلام کا چہرہ غضب ناک تھا۔ آنکھیں سرخ تھیں، گردن کی رگیں ابھری ہوئی تھیں۔ آپ علیہ‌السلام نے زرد رنگ کی وہ عبا پہن رکھی تھی۔ اسے آپ علیہ‌السلام غصے اور ناراضی کے وقت زیب تن فرماتے تھے۔ آپ علیہ‌السلام ذوالفقار پر تکیہ کیے ہوئے بقیع پہنچے۔

مولائے متقیان علیہ‌السلام کا غضب

ایک شخص نے لوگوں کے درمیان جا کر کہا:

یہ علی بن ابی طالب علیہ‌السلام ہیں، جو اس حالت میں تشریف لائے ہیں۔ علی علیہ‌السلام قسم کھاتے ہیں کہ اگر ان قبروں پر سے ایک پتھر بھی اپنی جگہ سے ہٹایا گیا تو وہ تم سب کے درمیان تلوار چلا دیں گے اور تم میں سے آخری شخص تک کو ختم کر دیں گے۔

عمر اور اس کے ساتھی امیرالمومنین علیہ‌السلام کے پاس آئے اور کہنے لگے:

اے ابوالحسن! آپ کا کیا ارادہ ہے؟ خدا کی قسم، ہم فاطمہ سلام‌اللہ‌علیہا کی قبر کھودیں گے اور ان کی نماز جنازہ ادا کریں گے!

اس موقع پر امیرالمومنین علیہ‌السلام پوری قوت اور ہیبت کے ساتھ عمر کے سامنے آئے۔

اسے اس کی جگہ سے اٹھا کر زمین پر دے مارا اور فرمایا:

اے سیاہ فام عورت کے بیٹے! میں نے لوگوں کے دین سے پھر جانے کے خوف سے اپنے حق خلافت سے دست برداری اختیار کر لی لیکن فاطمہ سلام‌اللہ‌علیہا کی قبر کے معاملے میں، خدا کی قسم! اگر تم اور تمہارے ساتھی ان قبروں کو ہاتھ لگانے کی کوشش کرو گے تو میں اس زمین کو تمہارے خون سے سیراب کر دوں گا۔ اے عمر! اس خیال سے باز آ جاؤ۔

اس سخت تنبیہ کے بعد ابوبکر امیرالمومنین علی علیہ‌السلام کے پاس آیا اور کہا:

اے ابوالحسن! میں آپ کو رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ اور اس ذات کا واسطہ دیتا ہوں جو عرش کے اوپر ہے کہ عمر کو چھوڑ دیجیے، کیونکہ ہم ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جسے آپ ناپسند فرماتے ہوں۔

راوی کہتا ہے:

امیرالمومنین علیہ‌السلام نے عمر کو چھوڑ دیا، لوگ بھی منتشر ہو گئے اور پھر اس معاملے کو آگے نہ بڑھایا۔[۳]

شبانہ تدفین کا راز

حضرت فاطمہ سلام‌اللہ‌علیہاکی بعض مخصوص افراد سے ناراضی، آپ سلام‌اللہ‌علیہا کے جسد اطہر کی شبانہ تدفین اور ان افراد کو تدفین میں شرکت سے روکنے کی بنیادی وجہ تھی۔

مولائے متقین امیرالمومین علیہ‌السلام کے صحابی ابن نباتہ روایت کرتے ہیں:

امیرالمومنین علی علیہ‌السلام سے حضرت فاطمہ سلام‌اللہ‌علیہا کی رات کے وقت تدفین کی وجہ دریافت کی گئی تو آپ علیہ‌السلام نے جواب میں فرمایا:

اس لیے کہ وہ بی بی ایک گروہ سے ناراض تھیں اور نہیں چاہتی تھیں کہ وہ ان کے جنازے میں شریک ہوں کیونکہ جو شخص اس گروہ سے محبت رکھتا ہو، اس کے لیے اس بی بی کی اولاد کے جنازے پر نماز پڑھنا حرام ہے۔[۴]

حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہا کی یہ وصیت کہ بعض افراد آپ سلام‌اللہ‌علیہا کے جسد اطہر پر نماز جنازہ ادا کرنے میں شریک نہ ہوں، رات کی تاریکی میں تدفین کا بنیادی سبب تھا۔

امام جعفر صادق اور امام موسی کاظم علیہما السلام کے صحابی اور رواوی ابن بطائنی اپنے والد سے روایت کرتے ہیں:

امام جعفر صادق علیہ‌السلام سے حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہاکی شبانہ تدفین اور دن کے وقت تدفین نہ کیے جانے کی وجہ پوچھی گئی تو امام علیہ‌السلام نے فرمایا:

اس لیے کہ آپ سلام‌اللہ‌علیہا نے وصیت فرمائی تھی کہ وہ دو اعرابی، یعنی ابوبکر اور عمر، آپ سلام‌اللہ‌علیہا کے جسد اطہر پر نماز نہ پڑھیں۔[۵]

مآخذ
[۱] ۔ بحار الانوار، جلد ۴۳، صفحہ ۱۵۹
[۲] ۔ روضۃ الواعظین، جلد ۱، صفحہ ۱۵۰
[۳] ۔ بحار الانوار، جلد ۴۳، صفحہ ۱۵۹
[۴] ۔ بحار الانوار، جلد ۴۳، صفحہ ۲۰۹
[۵] ۔ بحار الانوار، جلد ۴۳، صفحہ ۲۰۶

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے