حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے خدام افتخاری کے لیے قائم مرکز قنبر شہر نجف اشرف کے مختلف علاقوں میں ’’علی علیہالسلام کی محبت میں شجرکاری‘‘ کے عنوان سے دوسری شجرکاری مہم شروع کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔
یہ مہم شہر میں سبزہ زاروں کو وسعت دینے اور شجرکاری میں عوامی شرکت کو فروغ دینے کے لیے حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے مختلف شعبوں اور معاون یونٹوں کے تعاون اور باہمی ہم آہنگی سے منعقد کی جا رہی ہے۔
خدام افتخاری کے لیے قائم مرکز قنبر کے سربراہ احمد الزورگانی نے امام علی پورٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
اس سال اس مہم کے تحت ۳۰ ہزار پودے تقسیم کیے جائیں گے، جو مہم کے پہلے مرحلے میں تقسیم کیے گئے ۱۵ ہزار پودوں کے مقابلے میں دو گنا ہیں۔ پودوں کی تعداد میں یہ اضافہ پہلے سال نجف اشرف کے شہریوں کی جانب سے مہم کا بھرپور خیرمقدم کرنے اور بڑے پیمانے پر شرکت کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا:
موسم معتدل ہونے اور شجرکاری کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی اس مہم کے آغاز کی تیاریاں جاری ہیں، تاکہ نجف اشرف کے شہریوں کو شہر میں سبزہ بڑھانے اور اس کے حسن و خوب صورتی میں اضافے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔





