حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے شعبۂ امور فکری و ثقافتی کے زیر اہتمام مرکز تحقیقات و مطالعات اسلامی نے امیرالمومنین علیہالسلام کے فضائل، مناقب اور سیرت سے متعلق آثار، نیز کتاب شریف نہج البلاغہ پر خصوصی توجہ دینے سے متعلق ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، اسلامی علمی میراث کے متون اور مخطوطات کی تحقیق و تصحیح کے میدان میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے۔
مرکز کے سربراہ شیخ سلام الناصری نے امام علی پورٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
ادارے کی اہم ترین ذمہ داریوں میں سے ایک، مولائے متقیان علیہالسلام کی سیرت و مناقب اور کتاب نہج البلاغہ سے متعلق مخطوطات کی تحقیق و تصحیح ہے۔ اسی سلسلے میں اس شعبے سے متعلق متعدد خصوصی مخطوطات کی تحقیق و تصحیح کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے ادارے کی سرگرمیوں کے مختلف مراحل کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا:
دوسرے مرحلے میں علوی خزانے میں محفوظ نادر اور نفیس علمی آثار کی تحقیق و تصحیح شامل ہے، جبکہ تیسرے مرحلے میں دنیا بھر کے مختلف کتب خانوں اور علمی ذخیروں میں موجود قیمتی آثار کی تحقیق و تصحیح کی جائے گی۔
الناصری نے ادارے اب تک کی علمی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا:
اب تک شائع ہونے والے پہلے مجموعے میں ۹ عناوین پر مشتمل تقریباً ۱۳ جلدیں شامل ہیں، جبکہ دوسرے مجموعے میں ۷ عناوین پر مشتمل ۹ جلدیں شائع کی گئی ہیں۔ اس وقت تیسرے مجموعے کی تیاری پر کام جاری ہے۔
ادارے کے خادم سید نبأ الحمامی نے ان علمی آثار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا:
علمی میراث کے مخطوطات صرف تاریخی اعتبار سے اہم نہیں، بلکہ ان کی علمی حیثیت اور اعتبار بھی بہت بلند ہے۔
انہوں نے اس علمی کام کے دقیق مراحل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا:
سب سے پہلے علمی اور میراثی معیار کے مطابق کسی کتاب کا انتخاب کیا جاتا ہے کیونکہ ہر قدیم کتاب یا تحریر لازماً اشاعت اور تصحیح کی مستحق نہیں ہوتی۔ پھر کتاب خانوں سے معیاری اور معتبر کتابوں کو تلاش کرنے کے بعد ان نسخوں کو ترجیح دی جاتی ہے جو مؤلف کے زمانۂ حیات سے زیادہ قریب ہوں خصوصاً وہ نسخے جو خود مؤلف کے ہاتھ کے لکھے ہوئے ہوں یا مؤلف کے اصل نسخے سے مقابلہ کیے گئے ہوں۔
انہوں نے مزید کہا:
نسخوں کے انتخاب کے بعد حروف چینی اور نسخ کے مقایسے کا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ اس مرحلے میں ایک نسخے کو بنیادی اور معیاری نسخہ قرار دے کر اسے دیگر نسخوں کے ساتھ ملا کر دیکھا جاتا ہے۔ آخر میں حروف چینی کیے گئے متن کو دوبارہ بنیادی اور معیاری نسخے سے ملا کر اس کی صحت اور درستگی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
الحمامی نے مزید تاکید کی:
اس مرحلے میں انتہائی دقت و احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے، تاکہ حروف چینی کے دوران پیدا ہونے والی ممکنہ غلطیاں یا کاتبوں کے استعمال کردہ اختصاری علامات کو پڑھنے میں ہونے والی لغزشیں اصل متن میں شامل نہ ہو جائیں۔




