یہ تقریب حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے جوار میں ’’ایک ہزار سال تک نجف نے علم کا پرچم بلند رکھا، وفا کے اظہار اور ورثے کو مستقبل سے جوڑنے کے نئے عہد کے آغاز کے لیے‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوگی۔
اس حوالے سے تقریب کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تقریب کے انتظامی، فنی اور دیگر امور کی آخری تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مجلسِ انتظامیہ کے رکن خادم حیدر العیساوی، ہزار سالہ منصوبے کی اعلیٰ کمیٹی کے رکن، حرم مقدس کے مختلف شعبوں کے نمائندے اور مراکز کے ذمہ داران شریک ہوئے۔ اجلاس میں شعبۂ حفظِ نظم، شعبۂ تعلقاتِ عامہ، مرکزِ نظم برائے منصوبہ بندی و ترقی اور شعبۂ ابلاغ کے نمائندے بھی موجود تھے۔
مجلسِ انتظامیہ کے رکن خادم حیدر العیساوی نے مرکزِ خبری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
«حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام نے ’’حوزۂ علمیہ نجف اشرف کی ہزار سالہ تاریخ‘‘ کے منصوبے کے اعلان کی تقریب کی میزبانی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اس تقریب میں شیخ طوسی قدس سرہ کے ہاتھوں حوزۂ علمیہ کی بنیاد سے لے کر آج تک اس کی تاریخ، علمی ورثے، تہذیب اور علمی و معاشرتی اثرات کو اجاگر کیا جائے گا۔»
منصوبے کے آغاز کے لیے آخری تیاریوں کے حوالے سے شعبۂ ابلاغ کے معاون سربراہ خادم جعفر البدیری نے مرکزِ خبری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
«تیاریوں میں حوزۂ علمیہ کے ممتاز فضلا، مراجعِ عظام، دفاترِ مراجع، دینی مدارس اور دیگر اہم شخصیات کو دعوت نامے ارسال کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ اسلامی جمہوریہ ایران، لبنان اور پاکستان سے بین الاقوامی مہمانوں اور اساتذہ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔»
انہوں نے مزید کہا کہ تقریب میں عراق کی وزارتوں اور صوبائی حکومت کے نمائندوں کے ساتھ علمی و جامعاتی شخصیات اور عراق کی جامعات کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔
میڈیا کوریج کے حوالے سے البدیری نے بتایا کہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے ٹیلی وژن چینل اور مرکزِ خبری سمیت سماجی ذرائع ابلاغ کے مختلف پلیٹ فارمز پر مشتمل جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت صحنِ مقدس کے اطراف تقریب کے لیے مخصوص اسکرینیں نصب کی گئی ہیں، مرکزی اسٹیج اور اس کی تزئین و آرائش مکمل کی گئی ہے، جبکہ میڈیا منصوبہ تیار کرنے کے ساتھ مختلف ذرائع ابلاغ اور اداروں کو دعوت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تقریب کی براہِ راست کوریج میں شریک تمام اداروں کے لیے Clean Feed کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نجف اشرف کے حوزۂ علمیہ کی ہزار سالہ تاریخ کا منصوبہ عالمِ اسلام کی سطح پر ایک عظیم اور منفرد علمی و تہذیبی منصوبہ ہے۔
یہ ایک جامع اور طویل المدت منصوبہ ہے، جو تین برس سے زائد عرصے پر محیط ہوگا اور اس میں مختلف طبقات کے لیے متعدد علمی، ثقافتی اور دیگر پروگرام اور سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
یہ منصوبہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کی سرپرستی میں مختلف علمی و جامعاتی اداروں کی شرکت سے جاری ہے، جس میں حوزۂ علمیہ نجف اشرف کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔






