حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے دینی امور کے معاون شعبے کے تبلیغات یونٹ نے رسولِ رحمت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے، پانچویں بین الاقوامی ہفتۂ صادقین کی تقریبات کے ضمن میں اور حرم مقدس کے مرکز ٹیکنالوجی اطلاعات کے تعاون سے عام خواتین و حضرات کے لیے دوسرے نبوی مقابلے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اس مقابلے کا عنوان ’’مسابقۂ صادق الامین‘‘ رکھا گیا ہے۔
اس یونٹ کے ذمہ دار ہانی کنانی نے حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’’اس ثقافتی مقابلے کا مقصد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ کی سیرتِ طیبہ کے بارے میں آگاہی اور معرفت کو فروغ دینا ہے۔ مقابلے میں ۲۵ کثیرالانتخابی سوالات شامل ہیں اور ہر سوال کے لیے تین اختیارات دیے گئے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’مرکزِ ٹیکنالوجی اطلاعات کے متعلقہ ماہرین کے تعاون اور باہمی رابطے سے ان سوالات کو تکنیکی اعتبار سے تیار کیا گیا ہے اور الیکٹرانک ایپلی کیشن ’’وافد‘‘ کے ذریعے مقابلے میں شامل کیا گیا ہے۔‘‘
ہانی کنانی نے بتایا: ’’مقابلے کی انتظامی کمیٹی نے کتاب ’’گزیدہهایی از زندگی پیامبر اعظم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ‘‘ کو مقابلے کے سوالات کے جوابات کے لیے بنیادی ماخذ قرار دیا ہے۔ یہ کتاب حرم مقدس کے دینی امور کے معاون شعبے کی جانب سے شائع کی گئی ہے، جبکہ تمام شرکاء کے لیے اس ماخذ سے استفادہ اور اس میں مطلوبہ معلومات تلاش کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔‘‘
پانچویں دور کے ہفتۂ صادقین کی تقریبات حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کے متعلقہ شعبوں اور یونٹس کے درمیان مشترکہ تعاون اور کوششوں کے تحت منعقد کی جا رہی ہیں۔
متعلقہ شعبوں نے ان پروگراموں کے انتظامی، فنی، ابلاغی اور خدماتی پہلوؤں کو مکمل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں، تاکہ یہ عظیم مناسبت اس کے تقدس اور شان کے شایانِ شان منعقد ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی دینی، ثقافتی اور فکری پروگراموں کے سرپرست و میزبان کی حیثیت کو مزید مستحکم کرنے اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر ایک فعال ثقافتی ادارے کے طور پر اس کے مقام کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔