مجلسِ انتظامیہ کے رکن، خادم حیدر العیساوی نے بتایا کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق زائرین کی تعداد تقریباً ایک کروڑ پچهتر لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ حتمی جانچ پڑتال کے بعد اس میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجفِ اشرف بیرونِ ملک اور عراق کے مختلف شہروں سے آنے والے زائرین کا مرکزی مرکز ہے۔ اسی طرح کربلا سے واپسی پر بھی لاکھوں زائرین نجف پہنچتے ہیں، جس کی وجہ سے شہر میں غیر معمولی رش ہوتا ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کے تمام شعبوں نے رہائش، کھانے، طبی سہولیات، نقل و حمل، سیکیورٹی، وضو اور آرام گاہوں سمیت ہر ضروری خدمت فراہم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
خادم حیدر العیساوی نے اس کامیابی کو حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام، نجف کی مقامی حکومت، سیکیورٹی اداروں، طبی و خدماتی محکموں اور دیگر متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون کا نتیجہ قرار دیا، جنہوں نے ایک ٹیم کی صورت میں زائرین کی خدمت انجام دی۔
اس موقع پر نجفِ اشرف کے گورنر، انجینئر یوسف کناوی نے بھی کہا کہ اربعین منصوبے کی کامیابی نجف کے عوام، حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام، وفاقی و مقامی حکومت اور تمام معاون اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے، جنہوں نے لاکھوں زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کیں۔
واضح رہے کہ اربعین کے اس عظیم خدمت منصوبے کی کامیابی مربوط منصوبہ بندی، مؤثر انتظام، مختلف سرکاری اداروں کے تعاون اور حرم مقدس اميرالمومنين عليہ السلام کے تمام خدام اور رضاکاروں کی شبانہ روز خدمات کا نتیجہ ہے۔



