شب عاشورا: بیٹے نے بابا کو وداع کیا
امام سجاد علیہالسلام بیمار تھے۔ امام حسین علیہ السلام نے یہ شعر پڑھا: اے زمانے! تجھ پر افسوس، تو کتنا برا ساتھی ہے!
امام سجاد علیہالسلام سمجھ گئے کہ یہ آخری وداع ہے، آنکھوں سے آنسو جاری ہوئے، مگر صبر کا دامن نہ چھوڑا۔
(بحارالانوار، ج ۴۵، ص ۱)
روز عاشورا بیٹے کی بابا سے آخری ملاقات
عاشورا کے آخری لمحات میں امام سجاد علیہ السلام نے چچا حضرت عباس علیہالسلام، بھائی حضرت علی اکبر علیہالسلام اور دیگر اصحاب کے حالات دریافت کیے۔ جب معلوم ہوا کہ سب شہید ہو چکے ہیں تو آپ علیہالسلام نے تلوار لے کر والد گرامی کا دفاع کرنا چاہا، مگر امام حسین علیہ السلام نے روک دیا۔
(بحارالانوار، ج ۴۵، ص ۴۶)
عاشورا کے دن بیماری کی شدت
امام سجاد علیہالسلام کی بیماری عاشورا کے دن اس قدر شدید تھی کہ آپ علیہالسلام بیٹھنے کی طاقت بھی نہیں رکھتے تھے۔ بعض روایات میں اس بیماری کا سبب زرہ سے لگنے والی چوٹ کو بیان کیا گیا ہے۔
(بحارالانوار، ج ۴۴، ص ۲۹۸؛ ج ۴۵، ص ۱)
خون آلود آغوش پدر
امام حسین علیہالسلام کے جسم مبارک سے خون جاری تھا، آپ علیہالسلام نے اپنے فرزند امام سجاد علیہ السلام کو سینے سے لگایا اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سکھائی ہوئی دعا انہیں تعلیم فرمائی۔
(بحارالانوار، ج ۴۵، ص ۵۴)
اسیری اور بازار شام
بازار شام میں منہال بن عمرو کے سوال کے جواب میں امام سجاد علیہ السلام نے فرمایا:
ہم اس امت میں بنی اسرائیل کی طرح فرعونیوں کے ہاتھوں گرفتار ہیں؛ ہمارے مرد قتل کر دیے گئے اور ہماری عورتوں کو اسیر بنایا گیا۔
(بحارالانوار، ج ۴۵، ص ۸۴ و ۱۴۳)
زنجیروں میں جکڑا خطیب مسجد اموی
ہاتھوں میں زنجیریں ہونے کے باوجود امام سجاد علیہالسلام نے مسجد اموی میں ایسا ولولہ انگیز خطبہ ارشاد فرمایا۔ اس خطبے سے یزید کی حقیقت آشکار ہوگئی اور اہل شام میں افسوس و ندامت کی کیفیت پیدا ہوگئی۔
(بحارالانوار، ج ۴۵، ص ۱۳۱ و ۱۴۰)
مدینہ کی گلیوں میں کربلا کا نوحہ
مدینہ پہنچ کر امام سجاد علیہ السلام نے فرمایا:
اباعبداللہ الحسین علیہالسلام اور ان کے اہل بیت کو شہید کر دیا گیا، ان کے سر مقدس کو نیزوں پر بلند کیا گیا… گویا ہم اہل ترکستان یا اہل کابل ہوں!
(لہوف سید بن طاووس، ص ۲۳۷)
زہر کے ذریعے شہادت (۹۴ یا ۹۵ ہجری)
سالہا سال ظلم و مصائب برداشت کرنے کے بعد امام سجاد علیہالسلام کو زہر دے کر شہید کر دیا گیا۔ بعض روایات کے مطابق یہ واقعہ ولید بن عبدالملک کے دور حکومت میں، جبکہ بعض کے مطابق ہشام کے عہد میں پیش آیا۔
(بحارالانوار، ج ۴۶، ص ۱۵۲)
امام سجاد علیہالسلام کے جسد مطہر کو جنت البقیع میں سپرد خاک کیا گیا۔ آپ علیہالسلام کو اپنے چچا امام حسن مجتبیٰ علیہالسلام کے جوار میں دفن کیا گیا۔ بعد میں آپ علیہالسلام کے مزار کو وہابیوں نے منہدم کر دیا۔
(بحارالانوار، ج ۴۶، ص ۱۵۱)
امام کی جدائی میں وفادار اونٹ کا غم
امام سجاد علیہالسلام کا وفادار اونٹ، جو بغیر کسی تازیانے کے ۲۲ مرتبہ آپ علیہالسلام کے ساتھ حج پر گیا تھا۔ آپ علیہالسلام کی شہادت کے بعد قبر پر آ کر گر پڑا اور اس نے تین دن کے بعد غم و حزن کی شدت سے جان دے دی۔
(بحارالانوار، ج ۴۶، ص ۱۴۷)
