سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

عید غدیر کے تاریخی اور قدسی جڑوں پر امام جعفر صادق علیہ‌السلام کی روایت

عید غدیر، الٰہی ادیان کی سب سے بڑی عید، خدا کے فرستادگان (انبیاء کرام) کے اہداف و مقاصد کے پورا ہونے کا دن اور تمام الٰہی عہد و پیمان کی کڑیوں کو میں جوڑنے والا محکم حلقہ ہے۔ اسی تناظر میں، امام جعفر صادق علیہ‌السلام کی ایک مقتدر حدیثِ مبارکہ میں ہم پڑھتے ہیں کہ جانشینوں (اوصیاء) کے تعارف کی یہ الٰہی سنت گزشتہ دیگر انبیاءِ عظام کے زمانے میں بھی تکرار ہوتی رہی ہے، اور وہ انبیاء و اوصیاء اس عظیم الٰہی نعمت کے شکرانے کے طور پر اس دن باقاعدہ روزہ رکھا کرتے تھے۔ ولایتِ علوی کا یہ تاریخی دن دراصل سلسلۂ ہدایتِ الٰہیہ کا سب سے ارفع اور عروج کا نقطہ ہے۔

واقعۂ غدیر خم تاریخ اسلام کا ایک بے مثال اور فیصلہ کن موڑ ہے۔ اس موقع پر پیغمبر اکرم صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ نے امیرالمومنین علی علیہ‌السلام کو اپنا ولی، مولیٰ اور جانشین متعارف کرایا۔ یوں دین خدا کی تکمیل اور نعمتِ الٰہی کے اتمام کا باقاعدہ اعلان فرمایا۔ لیکن اس عظیم دن کی فضیلت صرف اسی ایک واقعے تک محدود نہیں ہے۔ معتبر روایات کے مطابق، غدیر کا دن پوری تاریخ بشریت میں ایک تسلسل کی علامت ہے۔ یہ تسلسل اوصیاء اور الٰہی رہنماؤں کے تعین کی ابدی سنت الٰہیہ کا حصہ ہے۔

انبیائے الٰہی کی سنت کے ساتھ غدیر کا پیوند

غدیر محض ایک تاریخی واقعے کی یاد نہیں، بلکہ ایک عظیم الٰہی نعمت کی یادگار ہے۔ اہل بیت اطہار علیہ‌السلام کی روایات میں اس دن کی خاص فضیلت بیان ہوئی ہے۔ اسی مبارک دن اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ‌السلام کی توبہ قبول فرمائی۔ حضرت ابراہیم علیہ‌السلام کو نمرود کی آگ سے نجات دی۔ گزشتہ انبیائے الٰہی نے اپنے اپنے جانشینوں کا اعلان فرمایا۔ غدیر دراصل ایک الٰہی سنت کا مظہر ہے، جو انبیائے کرام کی تاریخ میں بارہا دہرائی گئی ہے۔ اس سنت کے تحت ہدایت کی امانت وصی کے سپرد کی جاتی ہے۔ یوں رسالت کا راستہ جاری رہتا ہے اور الٰہی ہدایت کا سلسلہ برقرار رہتا ہے۔ اہل بیت علیہم‌السلام کی نگاہ میں، یہ دن کائنات کے تمام الٰہی عزم و عہد اور پیمانوں کو آپس میں جوڑنے والا محکم حلقہ ہے۔

ذیل میں آپ حضرت امام جعفر صادق علیہ‌السلام کی وہ مقتدر حدیثِ مبارکہ ملاحظہ فرما رہے ہیں جو غدیر اور انبیائے الٰہی کی سنت کے درمیان اس گہرے اور ملکوتی پیوند سے پردہ اٹھاتی ہے۔

جناب مفضل نے امام جعفر صادق علیہ‌السلام کی بارگاہ میں عرض کیا:

اے میرے مولیٰ و آقا! کیا آپ علیہ‌السلام مجھے اس دن (یعنی غدیر کے دن) روزہ رکھنے کا حکم دیتے ہیں؟

امام جعفر صادق علیہ‌السلام نے ارشاد فرمایا:

جی ہاں، خدا کی قسم! جی ہاں، خدا کی قسم! یہ وہی دن ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ‌السلام کی توبہ قبول فرمائی تھی اور انہوں نے بارگاہ الٰہی میں شکرانے کے طور پر اس دن روزہ رکھا تھا اور یہ وہی دن ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ‌السلام کو آگ سے نجات عطا فرمائی تھی اور انہوں نے بھی خدا کے شکرانے کے لیے اس دن روزہ رکھا تھا اور یہ وہی دن ہے جس میں حضرت موسیٰ علیہ‌السلام نے حضرت ہارون علیہ‌السلام کو اپنے جانشین اور رہنما کے طور پر قوم کے سامنے پیش کیا تھا اور انہوں نے بھی پروردگار کے شکرانے کے طور پر اس دن روزہ رکھا تھا اور یہ وہی دن ہے جس میں حضرت عیسیٰ علیہ‌السلام نے اپنے وصی جناب شمعون صفا (پطرس) کی امامت کو آشکار و نمایاں فرمایا تھا اور انہوں نے بھی اللہ کے شکرانے کے لیے اس دن روزہ رکھا تھا اور یہ وہی (عظیم الشان) دن ہے جس میں رسول خدا صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ نے امیر‌المومنین علی علیہ‌السلام کو لوگوں کے درمیان ہدایت کا علم (نشان) اور رہبر منصوب فرمایا اور ان کے فضائل و مناقب کو کائنات پر ظاہر کیا۔ پس آنحضرت صلی‌اللہ‌علیہ‌وآلہ نے بھی بارگاہ الٰہی میں شکر بجا لانے کے لیے اس مبارک دن کا روزہ رکھا۔[۱]

ولایت: انبیائے کرام کی مشترکہ میراث

بعض ایام محض وقت کا ایک عام حصہ نہیں ہوتے، بلکہ وہ تاریخ کے دھارے میں بہتی ہوئی ایک دائمی اور زندہ حقیقت کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ وہ دن ہیں جن میں ہدایت کی الٰہی امانت ایک پیغمبر کے دست مبارک سے ان کے سچے وصی کے سپرد کی گئی اور دین کا الٰہی سفر جاری و ساری رہا۔

اسی تسلسل ہدایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امیر‌المومنین علیہ‌السلام نے ارشاد فرمایا:

یہ دن (غدیر) حضرت شیث علیہ‌السلام کا دن ہے، یہ دن حضرت ادریس علیہ‌السلام کا دن ہے، یہ دن جناب یوشع بن نون علیہ‌السلام کا دن ہے اور یہ دن جناب شمعون صفا علیہ‌السلام کا دن ہے۔[۲]

[۱] عوالم العلوم، ج۲، ص۲۱۲
[۲] مصباح المتهجد، ج۱، ص۷۵۵؛ مناقب آل ابی‌طالب، ج۲، ص۲۴۳؛ بحارالانوار، ج۳۷، ص۱۶۴

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے