سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

حدیث غدیر سے استدلال

امیرالمومنین علی علیہ‌السلام کا حدیث غدیر سے استدلال نہ کرنے کا شبہ اور اس کا ازالہ!

بعض لوگ حدیث اور تاریخ پر مشتمل اسلامی کتب پر مکمل عبور نہ ہونے کے باعث یہ اعتراض اور شبہ اٹھاتے ہیں کہ امیرالمومنین علی علیہ‌السلام نے خود کبھی اپنی امامت پر حدیث غدیر سے استدلال نہیں کیا۔ جب کہ حقیقت اس کے برعکس ہے؛ اہل سنت کے جید علماکی کتابوں میں ایسے بے شمار واقعات نقل ہوئے ہیں جہاں خود امیرالمومنین علیہ‌السلام، ائمہ اطہار علیہم‌السلام اور مکتب اہل بیت علیہم‌السلام کے چاہنے والوں نے حدیث غدیرکو بطور دلیل و احتجاج پیش کیا ہے۔

حدیث غدیر سے استدلال

حجت الاسلام و المسلمین محمد جعفر طبسی اپنے ایک مقالے بعنوان (تحریفات واقعۂ بزرگ غدیر خم در گزر تاریخ) (تاریخ کے آئینے میں واقعۂ غدیر کی تحریفات) میں لکھتے ہیں:

اس شبہے کو اس انداز سے پیش کیا جاتا ہے کہ اگر واقعۂ غدیر واقعی امیرالمومنین علی علیہ‌السلام کی امامت اور ولایت پر دلالت کرتا تھا، تو آپ علیہ‌السلام نے شوریٰ (خلیفۂ سوم کے تعین کے دن) اس سے استدلال کیوں نہیں کیا؟

حقیقت اور اصل واقعیت

حقیقت یہ ہے کہ ایسے اعتراضات اور شبہات پھیلانا یا تو تاریخ سے گہری ناواقفیت کا نتیجہ ہے۔ یا پھر امیرالمومنین علی علیہ‌السلام کے بارے میں مسلمہ تاریخی حقائق سے دانستہ انکار کی کوشش ہے۔

آپ علیہ‌السلام نے کوفہ کے وسیع میدانِ رحبہ میں حدیثِ غدیر کے ذریعے اپنے احتجاج کا خود تذکرہ فرمایا۔ اہلِ سنت کے متعدد مقتدر علما نے بھی اس واقعے کی واضح طور پر تصدیق کی ہے۔

چنانچہ خوارزمی حنفی (متوفی ۵۶۸ ہجری) نے رسول اللہ صلی‌اللہ‌علیه‌وآلہ کے جلیل القدر صحابی حضرت ابوالطفیل سے ایک روایت نقل کی ہے کہ وہ فرماتے ہیں:

میں شوریٰ کے دن امیرالمومنین حضرت علی علیہ‌السلام کے ہمراہ گھر میں موجود تھا، میں نے خود سنا کہ آپ نے وہاں حاضرینِ مجلس سے مخاطب ہو کر فرمایا:

میں آج تمھارے سامنے ایک ایسی دلیل پیش کرنے جا رہا ہوں جسے تم میں سے کوئی عرب ہو یا عجم، جھٹلا نہیں سکتا۔

پھر آپ علیہ‌السلام نے فرمایا:

میں تمھیں اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں، کیا تم میں سے کوئی ایسا ہے جس نے غدیر کے دن رسول اللہ صلی‌اللہ‌علیه‌وآلہ کو یہ فرماتے ہوئے نہ سنا ہو کہ:

من كنت مولاه فعلي مولاه اللّهم وال من والاه و عاد من عاداه

جس کا میں مولا ہوں، اس کے یہ علی مولا ہیں۔ اے اللہ! جو ان سے محبت رکھے تو اس سے محبت رکھ، اور جو ان سے عداوت رکھے تو اس سے عداوت رکھ؟

اس پر وہاں موجود تمام لوگوں نے یک زبان ہو کر کہا کہ خدا کی قسم! ہم سب نے یہ سنا ہے۔

ماخذ
تحریفات واقعۂ بزرگ غدیر خم در گزرِ تاریخ، مصنف: حجت الاسلام و المسلمین محمد جعفر طبسی

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے