سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کی جانب سے زائرین اربعین کی میزبانی کا سلسلہ جاری

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام کی جانب سے زائرین اربعین کی میزبانی کا سلسلہ جاری

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام نے زائرین اربعین کی خدمت کے لیے مختلف میزبانی مراکز اور آرام گاہوں کے قیام کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے،یہ زائرین لاکھوں کے قافلوں کی صورت میں حرم مولائے متقیان، امیرالمؤمنین علی علیہ‌السلام کی زیارت کے لیے نجف اشرف پہنچتے ہیں، قبل اس کے کہ وہ کربلائے معلی کی جانب اپنے روحانی سفر کا آغاز کریں۔

امام رضاؑ سٹی؛ ایک مرکزی میزبانی مرکز

ان نئے مراکز میں سب سے نمایاں امام رضا علیہ السلام سٹی ہے، جو نجف کے گردونواح میں واقع اہم شاہراہوں کے سنگم پر قائم کیا گیا ہے، اور اندرون و بیرون ملک سے آنے والے زائرین کے لیے پہلا استقبالیہ مقام بن چکا ہے۔

روزانہ 20000 کھانے، مزید اضافے کی گنجائش

میزبانی امور کے انچارج، جناب حسن سلامی نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مرکز روزانہ 20 ہزار کھانوں کی تیاری اور تقسیم کا عمل انجام دے رہا ہے، جو دن کے تین اوقات میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔ یہ سروس 24 گھنٹے جاری رہتی ہے اور ساتھ ہی مختلف قسم کے ہلکے پھلکے کھانے، مشروبات اور دیگر ضیافتی اشیاء بھی مہیا کی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک عوامی موکب بھی آستان کے مہمان‌سرائے شعبے کے تحت کام کر رہا ہے، جو خاص طور پر غیر ملکی زائرین کی میزبانی کے لیے قائم کیا گیا ہے جو کمربندی روڈ سے نجف اشرف میں داخل ہوتے ہیں۔

300 سے زائد خادمین اور رضاکار شب و روز سرگرم

جناب سلامی نے بتایا کہ اس میزبانی مرکز میں 300 سے زائد خادمین اور رضاکار ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں، جو پورے سائٹ میں مختلف خدمات انجام دیتے ہیں تاکہ زائرین کو مکمل سہولت اور آرام میسر ہو۔

16 مرکزی میزبانی مقامات، درجنوں ضمنی مراکز فعال

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ‌السلام نے مجموعی طور پر 16 بڑے میزبانی مراکز قائم کیے ہیں جو مکمل کھانے فراہم کرتے ہیں، جب کہ درجنوں ذیلی مراکز چائے، جوس، پانی اور ہلکی ضیافت کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔

اس کے علاوہ، زائرین کے قیام و آرام کے لیے متعدد استراحت گاہیں اور سہولتی مقامات بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ زائرین نجف میں اپنے قیام کے دوران سکون، نظم اور روحانیت کے ساتھ زیارت انجام دے سکیں۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے