عراق کی وزیر مواصلات ڈاکٹر ہیام الیاسری نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے سرکاری دورے کے دوران حرم مقدس کے سیٹلائٹ میڈیا نیٹ ورک میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کو سراہا اور میڈیا نشریات و پروڈکشن کے شعبے میں سرگرم فنی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے حرم مقدس کے صحن حضرت فاطمہ سلاماللہعلیہا میں نصب جدید لاؤڈ اسپیکر نظام کے خصوصی کنٹرول روم کا مشاہدہ بھی کیا، جو زیارت اربعین کے لیے حرم مقدس کی جانب سے شروع کیے گئے یکساں مواصلاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر انجام پایا۔
حرم مقدس کے میڈیا نیٹ ورک کا میدان میں معائنہ
واضح رہے کہ عراقی وزیر مواصلات نے ایک اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کے ہمراہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کا دورہ کیا جہاں حرم مقدس کے متولی جناب سید عیسی الخرسان، ان کے معاون، بورڈ کے اراکین اور شعبہ جات کے سربراہان نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔
جدید ترین 4K ٹیکنالوجی سے آراستہ نشریاتی مرکز
وفد نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے مرکزی نشریاتی مرکز (Control Room) کا بھی دورہ کیا، جو اعلیٰ معیار کی 4K نشریاتی ٹیکنالوجی پر کام کرتا ہے، اس نظام کو دینی میڈیا کی دنیا میں ایک اہم پیشرفت اور حرم مقدس کے فنی معیار کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ اہم مذہبی مواقع کی پروفیشنل کوریج کے لیے جدید ترین سہولیات مہیا کرتا ہے۔
عراق میں میڈیا کے شعبے میں نیا معیار
وزیر مواصلات ڈاکٹر الیاسری نے اپنے بیان میں کہا کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں موجود یہ جدید نظام عراق میں دینی و ثقافتی میڈیا کے میدان میں ایک انقلابی قدم ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حرم مقدس عالمی معیار کا میڈیا مواد پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، بالخصوص ان ایام میں جب لاکھوں زائرین اربعین میں شرکت کرتے ہیں۔
پیشہ ورانہ میڈیا خدمات کے لیے مکمل انفراسٹرکچر
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے میڈیا نظام میں ایک محفوظ اور الگ ماسٹر کنٹرول روم، براہِ راست نشریات کا مخصوص اسٹوڈیو اور ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم شامل ہے جو Feed Cleanسروس کے ذریعے دیگر نیٹ ورکس کو بھی اعلیٰ معیار کا مواد فراہم کرتا ہے، یہ نظام حرم مقدس کی جانب سے منعقدہ مذہبی و ثقافتی تقریبات کی درست اور مؤثر نشریات کو ممکن بناتا ہے۔






