حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے عراق میں پہلی بار ایک ایسا جدید اور ہمہ گیر مواصلاتی منصوبہ شروع کیا ہے جو تمام مواصلاتی کمپنیوں کو ایک مشترکہ نیٹ ورک سے جوڑتا ہے،یہ نیٹ ورک صحن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے تمام طبقات کو مکمل طور پر کور کرتا ہے اور زائرین کو خاص طور پر زیارتِ اربعین جیسے ایام میں اعلیٰ معیار کی انٹرنیٹ اور کال سروس فراہم کرتا ہے۔
افتتاحی تقریب اور قومی سطح کی شرکت
یہ انقلابی منصوبہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی جناب سید عیسی الخرسان، عراق کی وزیر مواصلات ڈاکٹر ہیام الیاسری، عراق کی مواصلاتی و میڈیا کمیٹی کے نمائندے، مختلف کمپنیوں کے سربراہان، سکیورٹی افسران، اور حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے ذمہ داران و خادمین کی موجودگی میں ایک باضابطہ تقریب کے دوران افتتاح ہوا۔
مقدس شہروں کی خدمت کے لیے ڈیجیٹل پیشرفت
وزیر مواصلات ڈاکٹر ہیام الیاسری نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ اس منصوبے کا آغاز نجف اشرف سے ہوا، کیونکہ یہ عراق میں مواصلاتی خدمات کی تاریخ میں ایک بڑا قدم ہے، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب لاکھوں زائرین زیارت کے لیے آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت نے مواصلاتی کمپنیوں کے تعاون سے زیارتی ایام میں شہریوں کو تیز رفتار اور سستے انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی پر کام کیا ہے۔
پانچ طبقوں پر مشتمل جدید اور ڈیجیٹل نیٹ ورک
منصوبے کے ٹیکنکی نگران اور حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے خادم، انجینئر کرار نجار نے بتایا کہ اس منصوبے پر دو سال قبل کام شروع ہوا، جس پر میڈیا و مواصلاتی ادارے کی براہِ راست نگرانی تھی اور عراق کی تمام معروف ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے اسے پایۂ تکمیل تک پہنچایا گیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ صحن حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کے تمام طبقات زیرزمین سے لے کر بالائی منزلوں تک میں 350 سے زائد کنکشن پوائنٹس نصب کیے گئے ہیں، یہ سسٹم بیک وقت 100000 سے زائد صارفین کو بغیر کسی تعطل کے سروس فراہم کر سکتا ہے۔
270000 مربع میٹر پر مشتمل مواصلاتی کوریج
فراتِ اوسط ریجن میں میڈیا و مواصلات کمیٹی کے ڈائریکٹر، انجینئر عباس خاقانی نے کہا کہ یہ عراق کا پہلا منصوبہ ہے جس میں اس سطح پر انجینئرنگ، الیکٹرانک ڈیزائن کے ساتھ کام کیا گیا ہے، 350 سے زائد مواصلاتی اینٹینے نصب کیے گئے ہیں جو 270000 مربع میٹر پر پھیلے پانچ طبقات کو کور کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت صحن حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا، خدماتی مقامات، دفاتر، کتب خانہ، اور کانفرنس ہالز میں بھی جدید مواصلاتی آلات کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے صحن حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا میں شروع کیا گیا یہ جدید مواصلاتی نظام، اربعین جیسے عظیم الشان مواقع پر زائرین کو تیز اور محفوظ خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک عملی نمونہ ہے،یہ نظام نہ صرف زیارت کو آسان اور مؤثر بناتا ہے بلکہ مقدس شہروں کی ترقی میں جدید ٹیکنالوجی کے کردار کو بھی نمایاں کرتا ہے۔

