حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ امور خواتین نے اس سال بھی اربعین کے موقع پر تمام تر خدماتی و سکیورٹی یونٹس کو مکمل طور پر الرٹ اور ہمہ وقت تیار کر دیا ہے،یہ منصوبہ خواتین زائرین کی کثیر تعداد کے پیش نظر ترتیب دیا گیا ہے تاکہ زیارت کے اس عظیم موقع پر انہیں بہترین اور منظم خدمات فراہم کی جا سکیں۔
حرم مقدس میں داخلی و خارجی راستوں کی توسیع
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبہ امور خواتین کی سربراہ محترمہ رملہ خزاعی نے حرم مقدس کے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال خواتین زائرین کی آمد و رفت کو آسان اور بھیڑ سے بچنے کے لیے حرم مقدس میں داخل ہونے والے اور باہر جانے والے راستوں میں اضافہ کیا گیا ہے، ساتھ ہی بزرگ خواتین کے لیے ایک خصوصی نظام متعارف کروایا گیا ہے تاکہ وہ براہِ راست ضریح مطہر کے سرہانے تک رسائی حاصل کر سکیں
غیرملکی خواتین زائرین کے لیے ترجیحی سہولیات
انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین زائرین کے لیے مخصوص رہائشی مقامات مختص کیے گئے ہیں، جہاں مختلف زبانوں پر عبور رکھنے والی خادمات تعینات کی گئی ہیں، تاکہ فارسی، انگریزی اور دیگر زبانیں بولنے والی زائرین آسانی سے خدمات حاصل کر سکیں اور بہتر رابطہ قائم کر سکیں۔
رہنمائی بورڈز اور امانات کے جدید نظام کی تنصیب
محترمہ خزاعی نے مزید وضاحت کی کہ اس سال واضح رہنمائی بورڈز اور نقشے حرم مقدس میں نصب کیے گئے ہیں تاکہ زائرین آسانی سے راستے تلاش کر سکیں، اس کے ساتھ ہی ایک نیا اور جدید امانت نظام متعارف کروایا گیا ہے جس کے ذریعے سامان کی جمع و واپسی تیز تر اور محفوظ انداز میں انجام پاتی ہے۔
ایمرجنسی رسپانس ٹیم اور وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم
انہوں نے کہا کہ تمام سکیورٹی و خدماتی ٹیموں کو وائرلیس آلات سے لیس کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری رابطہ اور کارروائی ممکن ہو،اس کے ساتھ 24 گھنٹے الرٹ امدادی ٹیم بھی تیار ہے جو کسی بھی ایمرجنسی میں فوری حرکت میں آئے گی۔
مختلف ممالک سے 750 سے زائد خواتین خادمات کی آمد
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے رضاکار خدام کے شعبے نے رواں سال مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی 750 سے زائد خواتین خادمات کو کے حرم مقدس کے امور خواتین کے سپرد کیا ہے، ان خادمات کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے اور ان کی قیام و آرام کے لیے نزدیک ہی مخصوص مقامات فراہم کیے گئے ہیں۔
خواتین زائرین کی خدمت، حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی اولین ترجیح
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ امور خواتین کی بھرپور کوشش ہے کہ اربعین کے دوران خواتین زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام سے شروع ہونے والی زیارتِ اربعین اعلیٰ نظم و سکون اور روحانیت کے ساتھ انجام پا سکے ۔

