حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے عیدِ مبعث النبی صلیاللہعلیہوآلہ کی مناسبت سے مکمل سیکیورٹی الرٹ کا اعلان کرتے ہوئے زائرین کرام کے تحفظ اور منظم آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی اور جامع سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا ہے۔
اسی سلسلے میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ سیکیورٹی نے مختلف شعبہ جات اور یونٹس کے ذمہ داران کی موجودگی میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں مبعث نبوی صلیاللہعلیہوآلہ کی تقریبات کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی اور تنظیمی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس اجلاس کا مقصد پیشگی تیاری اور زائرین کے لیے اعلیٰ ترین سطح کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا تھا۔
شعبۂ سیکیورٹی کے ترجمان مصطفی الفتلاوی نے مرکزِ خبری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں تمام سیکیورٹی فورسز کی مکمل تیاری اور ہمہ گیر بسیج پر زور دیا گیا، حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں شعبۂ سیکورٹی کے خادمین کی موجودگی کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، جبکہ نجف اشرف پولیس کمانڈ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی قائم کی گئی ہے تاکہ زائرین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ان کی آمد و رفت بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کے تحت تمام داخلی و خارجی راستوں اور اطرافی علاقوں کو مکمل طور پر تیار کیا گیا ہے، جن میں صحنِ حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا بھی شامل ہے، تاکہ زائرین کا استقبال بہترین انداز میں کیا جا سکے، اسی طرح حرم مقدس کے اطراف مخصوص راستے اور فاصلہ جاتی نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ بھیڑ سے بچا جا سکے اور زائرین کو خدماتی اور عبادتی مقامات تک آسان رسائی حاصل ہو۔
الفتلاوی نے وضاحت کی کہ اس سیکیورٹی پلان میں گمشدگی کے معاملات سے نمٹنے کے لیے رہنمائی و اطلاع رسانی یونٹس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ وائرلیس کمیونیکیشن یونٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ شعبۂ سیکیورٹی اور حرم مقدس کے دیگر شعبہ جات، دیگر مقدس مقامات، نجف اشرف پولیس کمانڈ اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر اور مسلسل رابطہ برقرار رہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس خصوصی سیکیورٹی منصوبے میں 800 سے زائد خادمین حصہ لے رہے ہیں، تاکہ یہ انتظامات حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شایانِ شان ہوں اور زائرین کو بہترین سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
یہ اقدامات عید مبعث النبی صلیاللہعلیہوآلہکے کی مناسبت سے کیے جانے والے وسیع خدماتی اور تنظیمی انتظامات کا حصہ ہیں، اس سے قبل بھی لاکھوں زائرین کو خدمات فراہم کرنے کے لیے قائم کیے جانے والے آپریشن روم کا اجلاس حرم مقدس کے متولی سید عیسیٰ الخرسان کی صدارت میں منعقد ہو چکا ہے، جس میں مجلس نظما اور متعلقہ شعبہ جات کے ذمہ داران نے شرکت کی تھی تاکہ اس عظیم مذہبی موقع کو بہترین انداز میں منایا جا سکے۔







