امیرالمومنین علیہالسلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر، حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے متولی نے قنبر رہائشی کمپلیکس میں مسجد امیر المومنین علیہالسلام کا افتتاح کیا۔ اس تقریب میں متولی کے معاون، حرم مقدس امیرالمومنین علیہ السلام کی مجلس نظما کے متعدد اراکین اور مختلف شعبوں کے سربراہوں نے شرکت کی۔
حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے مشیر، ڈاکٹر علاء عبدالحسین نے نیوز سینٹر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مسجد کا ڈیزائن حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے ماہر انجینئریوں کی نگرانی میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ مسجد ماحول دوست بنیادوں پر ڈیزائن اور تعمیر کی گئی ہے جس میں قدرتی روشنی اور ہوا کے گزر کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے، یہ نقطہ نظر سادگی، روحانیت اور پرتکلف روایتی آرائش سے دور قدیم مساجد سے متاثر جدید طرزِ تعمیر کی عکاسی کرتا ہے؛تاہم اس مسجد کی تعمیر میں جدید فنی اور انجینئرنگ جھلک کا خیال بھی رکھا گیا ہے۔
حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے شعبہ انجینئرنگ و تعمیرات کے سربراہ، مصطفی محبوبہ نے کہا کہ یہ مسجد کل 1118 مربع میٹر رقبے پر تعمیر کی گئی ہے جس کا مرکزی ہال 300 مربع میٹر پر مشتمل ہے،اسے بغیر درمیانی ستونوں کے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ پوری مسجد میں نمازیوں کو دیکھنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے اس کے علاوہ مسجد کے اردگرد 250 مربع میٹر پر مشتمل پارک بنایا گیا ہے اور نمازیوں کی آسانی کے لیے نزدیک ہی پارکنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسجد کا محراب کربلا کی آئینہ کاری سے مزین ہے اور اس کی چھت میں قدرتی روشنی کے لیے اسکائیلائٹ نصب ہے جس سے سورج کی روشنی براہ راست اندر آتی ہے ، اس مسجد میں سہولیات و خدمات کا ایک مکمل مجموعہ موجود ہے جس میں آڈیو رومز، انتظامی کمرہ اور مرد و خواتین کے لیے الگ الگ بیت الخلاء شامل ہیں، یہ سہولیات مختلف مذہبی و ثقافتی پروگراموں کی ضروریات کے عین مطابق ہیں۔
اس مسجد میں نماز و عبادت کے ساتھ ساتھ مختلف، تربیتی پروگرام نیز بچوں، خواتین و نوجوانوں کے خصوصی کورسز کا انعقاد کیا جائے گا،مجس قنبر رہائشی کمپلیکس میں رہنے والے تقریباً ایک ہزار گھرانوں کو خدمات فراہم کرے گی جو حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے خادمین ہیں۔












