سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام کے متولی کا خدماتی و تعلیمی منصوبوں کا معائنہ اور جدید سردخانوں کا افتتاح

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام کے متولی کا خدماتی و تعلیمی منصوبوں کا معائنہ اور جدید سردخانوں کا افتتاح

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام کے متولی سید عیسی الخرسان، نے نجف اشرف میں متعدد خدماتی اور تعلیمی منصوبوں کا معائنہ کیا اور خشک انباروں و سردخانوں کا افتتاح کیا،اس دوران نئے تعلیمی کمپلیکس، کرار ہال اور حرم علوی کے ایئرکنڈیشننگ منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام کے متولی سید عیسی الخرسان نے اپنے معاون اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ہمراہ متعدد خدماتی اور تعلیمی منصوبوں کا معائنہ کیا تاکہ ان کے پیشرفت اور تکمیل کی صورت حال کا قریب سے جائزہ لے سکیں۔

اس موقع پر حرم مقدس کے متولی نے خشک انباروں اور صنعتی سردخانوں کے منصوبے کا افتتاح کیا، جو حرم مقدس کے اہم ترین خدماتی منصوبوں میں سے ہے،یہ سردخانے 1240 مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیے گئے ہیں اور ان میں گوشت اور سبزیجات کو محفوظ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 1000 مربع میٹر پر مشتمل خشک انبار بھی تعمیر کیے گئے ہیں، تاکہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ ہو اور زائرین کے لیے خدماتی نظام مزید بہتر ہو سکے۔

انجینئرنگ اور تعمیراتی شعبہ کے سربراہ مصطفی محبوبہ نے میڈیا سینٹر کو بتایا کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام کے متولی نے نجف کے شمالی علاقے میں نئے تعلیمی کمپلیکس کا بھی دورہ کیا، یہ منصوبہ دو جدید اسکولوں (پرائمری اور سیکنڈری) پر مشتمل ہے، جن میں کھیلوں کے ہال، کتب خانے، تجربہ گاہیں اور سبزہ زار شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حرم مقدس کے متولی نے کرار ہال کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا جو کوفہ-نجف روڈ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ 2780 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے، جس میں 950 مربع میٹر کا مرکزی ہال، ضمنی ہالز، کانفرنس رومز اور زائرین کے لیے متعدد سہولیات بشمول بیت الخلاء تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

محبوبہ نے یہ بھی بتایا کہ تولیت نے حرم مطہر علوی میں 6000 مربع میٹر رقبے پر کولنگ و وینٹیلیشن سسٹم کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا، جو ایک سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا،یہ منصوبہ زائرین کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام کے متولی کا یہ دورہ منصوبوں پر براہ راست میدانی نگرانی اور ان کے انجینئرنگ و فنی معیار کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا، یہ اقدامات نجف اشرف میں زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری اور تعلیمی و خدماتی بنیادی ڈھانچوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے