حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام نے امام حسن عسکریؑ کے یوم شہادت پر سامرا آنے والے زائرین کی نقل و حرکت کے لیے 40 سے زائد گاڑیوں پر مشتمل فلیٹ فراہم کیا، خدمات میں سیکیورٹی زونز سے حرم تک نقل و حمل، پانی، برف، طبی یونٹس، اور موکب خادمین کی معاونت شامل ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام نے سامرا میں امام حسن عسکری علیہالسلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے لاکھوں زائرین کی شرکت کے پیش نظر ان کی نقل و حرکت کے لیے ایک منظم ٹرانسپورٹ فراہم کیا جس کے تحت 40 سے زائد گاڑیاں مختلف خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
حرم مقدس کے محکمہ نقل و حمل کے سربراہ صباح ابراہیم نے میڈیا سینٹر سے گفتگو میں بتایا کہ ہم نے 40 سے زائد گاڑیوں پر مشتمل بیڑا تیار کیا ہے تاکہ زائرین کو سامرا کے ان سیکیورٹی زونز سے، جہاں عام گاڑیوں کی رسائی محدود ہوتی ہے، براہ راست حرم امامین عسکریین علیہماالسلام کے قریب علاقوں تک منتقل کیا جا سکے۔ یہ عمل حرم امامین عسکریین کے متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے انجام پایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام کے ٹرانسپورٹ شعبے نے صرف زائرین کی نقل و حمل تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ پانی و برف کی ترسیل کے لیے خصوصی گاڑیاں اور دیگر خدمت رسانی کی گاڑیاں بھی سامرا بھیجی گئی ہیں تاکہ زائرین کو مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ابراہیم نے یہ بھی واضح کیا کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام نے عراق کے مختلف صوبوں سے آنے والے موکبوں کے سربراہان و نمائندگان کی نقل و حمل اور پشتیبانی کی بھی ذمہ داری سنبھالی ہے، تاکہ وہ زائرین کی خدمت میں بہتر انداز سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہ السلام نے یوم شہادت امام حسن عسکریؑ کے موقع پر ایک مرکزی موکب کے ذریعے مکمل خدماتی نظام ترتیب دیا ہے، جس میں 150 سے زائد خادمین مختلف شعبوں سے شریک ہیں اور زائرین کی سہولت کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔