حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی گمشدہ اشیاء کی نگراں یونٹ ہر سال 9 ہزار سے زائد گم شدہ اشیاء زائرین تک واپس پہنچاتی ہے، جدید الیکٹرانک نظام کے ذریعے اشیاء کی درست شناخت ممکن بنائی جاتی ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبہ مخازن کے تحت قائم اس یونٹ کے ذمہ دار خادم ڈاکٹر فلاح الشیبانی نے میڈیا سینٹر سے گفتگو میں بتایا کہ جیسے ہی کوئی گم شدہ چیز وصول ہوتی ہے تو فوری طور پر اس کی اہمیت کے مطابق درجہ بندی کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قیمتی اشیاء کو ایک خصوصی رجسٹر میں درج کیا جاتا ہے جس پر وصول کرنے والے اور جمع کرانے والے دونوں کے دستخط بھی لیے جاتے ہیں تاکہ مکمل ریکارڈ محفوظ رہے۔
ڈاکٹر الشیبانی کے مطابق سونے کے زیورات جیسی قیمتی اشیاء کو ایک جدید الیکٹرانک پروگرام میں بھی درج کیا جاتا ہے، اس عمل کے دوران اشیاء کی اعلیٰ معیار کی تصاویر لی جاتی ہیں اور ان کی مکمل تفصیلات نظام میں محفوظ کی جاتی ہیں، جس سے بعد میں اصل مالک کی شناخت آسان ہو جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس نظام کی بدولت سوالات کے ذریعے مالک کی درست شناخت کر کے گم شدہ اشیاء تیزی اور درستگی کے ساتھ واپس کی جا سکتی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں ہر ماہ مختلف نوعیت کی 700 سے زائد گم شدہ اشیاء جمع ہوتی ہیں جبکہ سالانہ تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر جاتی ہے جو حرم مقدس کی جانب سے زائرین کی خدمت کے لیے ہونے والی وسیع کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
ڈاکٹر فلاح الشیبانی نے مزید بتایا کہ سرکاری دستاویزات کے معاملے میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے تیار کردہ وافد ایپلی کیشن استعمال کی جاتی ہے جس کے ذریعے زائرین اپنی گم شدہ دستاویزات تلاش کر سکتے ہیں۔
اگر کوئی شخص مقررہ مدت تک اپنی دستاویزات وصول کرنے کے لیے نہ آئے تو انہیں متعلقہ وزارتوں یا سرکاری اداروں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے اور یہ طریقہ کار حرمہائے مقدس کا ایک منفرد اقدام سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بعض ایسی اشیاء جو شرعی مدت گزرنے کے باوجود وصول نہیں کی جاتیں، انہیں مذہبی اداروں کے حوالے کر دیا جاتا ہے تاکہ ضرورت مند افراد میں تقسیم کی جا سکیں۔ جبکہ قیمتی اشیاء کو ایک خصوصی کمیٹی کے ذریعے فروخت کر کے حاصل ہونے والی رقم غریبوں اور مستحقین کی مدد کے لیے قائم فنڈ میں جمع کر دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ گم شدہ اشیاء وصول کرنے اور واپس دینے کے لیے متعدد مقامات مقرر کیے گئے ہیں، جن میں صحن حیدری کے اندر کمرہ نمبر 36، باب القبلة کے قریب ستون نمبر 3 کے سامنے موجود مقام، شہر امام رضا علیہالسلام میں قائم مرکز اور ایک مرکزی گودام شامل ہے جہاں اشیاء محفوظ رکھی جاتی ہیں۔









