حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبہ امور انجینئرنگ و فنّی نے اعلان کیا ہے کہ حرم مقدس کے خدام کے لیے بنائے جانے والے قنبر 2 رہائشی منصوبے میں نمایاں پیش رفت حاصل ہو ئی ہے اور منصوبے کے مختلف مراحل پر تیزی سے کام جاری ہے۔
پروجیکٹ کے ڈائریکٹر خادم انجینئر سعد الجبوری نے میڈیا سینٹر کو بتایا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے کا تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں 504 رہائشی مکانات تعمیر کرکے حوالے کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے کے مختلف حصوں میں کام تیزی سے جاری ہے اسی دوران منصوبے کے تیسرے مرحلے پر بھی باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا گیا ہے،یہ اقدامات حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی کی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔
سعد الجبوری کے مطابق تیسرے مرحلے کے لیے جگہ کو تیار کر لیا گیا ہے اور بنیادوں کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ اس مرحلے میں 660 نئے رہائشی مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔
بنیادی سہولیات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کے مجموعی طور پر ایک ہزار گھروں کے لیے فضائی بجلی کے نیٹ ورک کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، اس کے علاوہ گھروں کے لیے پانی کی فراہمی کے نیٹ ورک کی فائل نجف اشرف کے محکمۂ پانی کو حوالے کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیوریج نیٹ ورک سے متعلق مطالعات اور منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے کے بعد اس پر جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قنبر 2 رہائشی منصوبہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے جس کا حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے خدام اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک مکمل رہائشی ماحول فراہم کرنا اور ان کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔











