مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے وفد نے بحرالعلوم فلاحی فاؤنڈیشن کا دورہ کر کے مرحوم سید محمد علی بحرالعلوم کے مکمل بصری آرکائیو کو منظم انداز میں فاؤنڈیشن اور اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے ایک وفد نے بحرالعلوم فلاحی فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور مرحوم سید محمد علی بحرالعلوم کے بصری آرکائیو کو باقاعدہ طور پر حوالے کیا۔
یہ دورہ ایک ایسے اقدام کا حصہ تھا جس کا مقصد مرحوم سید محمد علی بحرالعلوم کے میڈیا آرکائیو کو محفوظ بنانا اور اسے منظم شکل میں بحرالعلوم فلاحی فاؤنڈیشن اور ان کے معزز اہلِ خانہ کے حوالے کرنا تھا۔
وفد میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام مجلس نظما کے رکن ڈاکٹر مصطفیٰ منیٰ اور شعبہ میڈیا کے سربراہ حیدر رحیم شامل تھے،اس موقع پر مرحوم کی علمی و فکری خدمات پر مشتمل مکمل بصری آرکائیو پیش کیا گیا، جس میں دینی خطبات، مجالس عزا، سیمینارز اور کانفرنسز کے علاوہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں منعقدہ مختلف تقریبات اور سرگرمیوں میں ان کی شرکت کی دستاویزات بھی شامل تھیں۔
شعبہ میڈیا کے سربراہ حیدر رحیم نے اس اقدام کو مرحوم کی علمی اور ثقافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مترادف قرار دیا، انہوں نے بتایا کہ پیش کیا گیا آرکائیو کئی برسوں کی میڈیا کاوشوں کا نچوڑ ہے، جس میں مرحوم کی حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں مختلف مواقع پر موجودگی کو محفوظ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ان کے حوالے سے نشر ہونے والے پروگرامز اور کوریجز بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آرکائیو مرحوم کے اہلِ خانہ اور محققین کے لیے ایک وسیع ذریعہ ثابت ہوگا، جس کے ذریعے ان کی علمی میراث کو کتابوں، دستاویزات اور دیگر اشاعتوں کی صورت میں محفوظ کیا جا سکے گا۔
بحرالعلوم فلاحی فاؤنڈیشن کے سربراہ حیدر بحرالعلوم نے اس اقدام پر حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مرحوم کے ساتھ وفاداری کا مظہر ہے اور اس سے علمی و میڈیا ورثے کو محفوظ رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے پاس ایک وسیع میڈیا آرکائیو موجود ہے جس میں متعدد علمی اور فکری شخصیات کی زندگی اور خدمات کو محفوظ کیا گیا ہے، جو ثقافتی اور دینی یادداشت کو برقرار رکھنے اور تحقیق و دستاویز سازی کے منصوبوں کی حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔





