حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے عید الفطر کے لیے جامع خدماتی منصوبہ شروع کی گیا جس میں 1100 رضاکار خدام زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے عید سعید الفطر کے لیے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ یہ اقدامات مختلف شعبہ جات کی ہمہ جہت سرگرمیوں کے ساتھ اس مقصد کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں کہ حرم مطہر امیرالمؤمنین علیہالسلام میں آنے والے زائرین کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔
رضاکار خدام قنبر کے ذمہ دار احمد الزورکانی نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال خدماتی منصوبے میں 1100 رضاکار خدام شریک ہیں اور ان کی خدمات کا آغاز ماہ شوال کے چاند نظر آنے کی رات سے ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رضاکار خدام کو مختلف اہم شعبوں میں تعینات کیا گیا ہے، جن میں سیکیورٹی، خدماتی امور، مہمان سرا اور شعبہ امورِ خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ رسول اعظم میڈیکل سینٹر کو بھی فعال کیا گیا ہے تاکہ ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
الزورکانی نے وضاحت کی کہ اس منصوبے میں عراق کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے رضاکار شامل ہیں، جن میں طبی عملہ، ہنر مند افراد اور مختلف پیشوں سے وابستہ افراد شامل ہیں، تاکہ عید کے دنوں میں زائرین کو ہمہ جہت اور مربوط خدمات فراہم کی جا سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس منصوبے کا عملی آغاز ماہ شوال کے چاند کی رؤیت کے ساتھ ہوگا اور یہ عید کے اختتام تک جاری رہے گا، جس کا مقصد زائرین کے لیے ایک محفوظ، منظم اور سہولت بخش ماحول فراہم کرنا ہے۔













