حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے دارالقرآن شعبے نے قومی قرآنی منصوبے کے تحت بغداد میں محفلِ ختمِ قرآن منعقد کی جس میں ممتاز قاریوں نے شرکت کی اور نوجوانوں میں قرآنی ثقافت کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ فکری و ثقافتی امور سے وابستہ دارالقرآن یونٹ نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں قرآنی یونین کے تعاون سے قرآن مجید کی محفلِ ختم کا انعقاد کیا۔
یہ پروگرام گیارہویں قومی قرآنی منصوبے کے دائرے میں منعقد کیا گیا جس میں ممتاز قاریوں نے شرکت کی اور اس کا مقصد نوجوانوں کے درمیان ختم قرآن کی ثقافت کو مضبوط اور فروغ دینا تھا۔
دارالقرآن شعبے کے عہدیدار علاء محسن نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام دراصل قومی منصوبے کے تحت منعقد ہونے والے ختمِ قرآن کے سلسلے کا حصہ ہیں جو عراق کے مختلف صوبوں میں جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بغداد میں متعدد ختمِ قرآن کی محافل منعقد ہو چکی ہیں جن میں ملکی اور بین الاقوامی قاریوں نے شرکت کی،ان کے مطابق ان پروگراموں میں صرف تلاوتِ قرآن مجید ہی نہیں بلکہ آیات کی تفسیر، قرآنی مسابقات اور شرکاء کے لیے تشویقی انعامات بھی شامل ہوتے ہیں۔
قرآنی یونین کے کرخ سیکشن کے سربراہ استاد محمد السرای نے نوجوان قاریوں کی حمایت اور عراقی معاشرے کی خدمت میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اب تک کرخ اور رصافہ کے دو حصوں میں سات ختمِ قرآن منعقد ہو چکے ہیں جہاں قاریوں نے اپنی دلنشین تلاوت سے ایک روحانی اور معنوی فضا قائم کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ قرآنی مقابلے عراق کی مختلف یونیوسٹیوں میں منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ نوجوان قرآنی صلاحیتوں کو تلاش کیا جا سکے اور ان کی سرپرستی کی جا سکے۔
قابلِ ذکر ہے کہ یہ منصوبہ عراق کے پندرہ صوبوں میں نافذ کیا جائے گا اور مجموعی طور پر ساٹھ محافلِ ختمِ قرآن کے انعقاد کا منصوبہ بنایا گیا ہے جن میں سے تیس ختم جنوبی صوبوں میں منعقد ہوں گے۔
یہ پروگرام دارالقرآن شعبۂ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے ایک جامع منصوبے کے طور پر جاری ہے جس کا مقصد پورے عراق میں قرآنی ماحول کو فروغ دینا اور کتابِ خدا سے تعلق کو مضبوط کرنا ہے۔






