حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے مہمان خانے نے رمضان المبارک میں عراق کے مختلف صوبوں میں کم آمدنی والے افراد کی حمایت کے لیے افطار اور امدادی پیکجز تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ مہمان سرائے نے رمضان المبارک میں عراق کے مختلف صوبوں میں افطار مہم شروع کر دی، جس کے تحت افطار کے ساتھ ساتھ کم آمدنی والے خاندانوں میں راشن پیکجز بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
مہمان سرائے زائرین کے شعبے نے اس مہم کا آغاز صوبہ دیوانیہ سے کیا، جو اس کا پہلا مرحلہ تھا، یہ مہم مختلف اداروں، مساجد اور حسینیہ جات کے تعاون سے شروع کی گئی، جبکہ ایک جامع پروگرام کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں میں امدادی راشن پیکجز بھی تقسیم کیے گئے، اس منصوبے کا مقصد رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کی حمایت کرنا ہے۔
شعبۂ مہمان سرائے زائرین کے سربراہ اثیر التمیمی نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی کی ہدایت پر اس مہم کا آغاز کیا گیا اور اس کا پہلا مرحلہ صوبہ دیوانیہ میں سے شروع ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زائرین کے لیے افطار پروگراموں کے ساتھ ساتھ مختلف صوبوں میں کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے امدادی پیکجز کی تقسیم کا منصوبہ بھی حرم مقدس کے مختلف شعبوں اور فلاحی اداروں کے باہمی تعاون سے جاری ہے۔
صوبہ دیوانیہ میں ضیافت مہم کے ذمہ دار حسن التمیمی نے کہا کہ اس پروگرام میں دیوانیہ اور اس کے علاقے عفک میں افطار دسترخوانوں کا انعقاد اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے مستحق خاندانوں کے درمیان رمضان المبارک کی مناسبت سے راشن پیکجز کی تقسیم شامل ہے، جہاں اس مرحلے میں ایک ہزار پانچ سو امدادی پیکجز تقسیم کیے گئے۔
یہ بابرکت مہم اس مسلسل خدمت اور عطا کے سلسلے کا حصہ ہے جسے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام معاشرے کی خدمت کے لیے جاری رکھے ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ حرم مقدس کے بابرکت دسترخوان صرف عراق کے صوبوں تک محدود نہیں بلکہ رمضان المبارک کے دوران روزانہ اور ہفتہ وار بنیادوں پر حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے اندر میں بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔







