حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے ’’علوی جوان‘‘ کے عنوان سے نوجوانوں کے لیے جشن بلوغ کا انعقاد کیا جس میں2700 سے زائد طلبا نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں دینی اقدار، اخلاقی تربیت اور اسلامی شناخت کو مضبوط بنانا تھا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نوجوانوں کی نگرانی اور تربیت میں اپنے تعلیمی کردار کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے اور اسی سلسلے میں ’’علوی جوان‘‘ کے عنوان سے طلبا کے جشن بلوغ کے تیسرے مرحلے کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروگرام میں نجف اشرف صوبے کے 40 مختلف اسکولوں کے 2700 سے زائد طلبا نے شرکت کی، پروگرام کا مقصد طلبا میں دینی و اخلاقی اقدار کو فروغ دینا اور ان کے ایمان و ثقافتی تشخص کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانا تھا۔
تربیتی پروگرام
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے مرکز نظم برائے اسٹریٹجک منصوبہ بندی و ترقی کے ذمہ دار وسام اسکندر نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بلوغ کی عمر تک پہنچنے والے طلبا کے لیے ایک اہم تربیتی مرحلہ ہے، جس کا مقصد ان کے دلوں میں دینی اقدار کو مضبوط کرنا اور امیرالمؤمنین علیہالسلام سے ان کا تعلق مزید مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ طلبا میں ذمہ داری کا احساس پیدا ہو اور وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق شعوری اور باخبر طرزِ عمل اختیار کریں۔
مکمل ہم آہنگی
شعبہ روابط عامہ کے ذیلی شعبہ داخلی روابط کے ذمہ دار کرار الموسوی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام مرکز نظم کے ساتھ مشترکہ تعاون اور نجف اشرف کے محکمہ تعلیم و تربیت اور اسکولوں کی انتظامیہ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے نتیجے میں منعقد کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ تنظیمی اقدامات میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متعدد معاون شعبوں نے حصہ لیا، جن میں متولی کے دفتر، شعبہ اطلاعات، سکیورٹی، امورِ خدام، مہمان خانہ زائرین، شعبہ وسائل، سرمایہ کاری کمیٹی اور شعبہ سجاوٹ حرم شامل تھے، ان تمام شعبوں نے اس تقریب کے کامیاب اور بہترین انداز میں انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
طلبا میں امید اور شناخت کو فروغ دینا
بقعہ مبارکہ اسکول کے سربراہ استاد امیر العیساوی نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام اور پروگرام کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام خاص طور پر ان اسکولوں کے طلبا کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے جہاں بعض طلبا مختلف وجوہات کی بنا پر تعلیم چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے، تاکہ وہ جشنِ بلوغ کی اس تقریب میں شرکت کرکے اپنے دلوں میں امید کو زندہ کریں اور اپنی تعلیمی زندگی کو جاری رکھنے کے لیے معنوی تحریک حاصل کریں۔
اسی طرح امیر مثنیٰ آل حاتم انٹر کالج کے پرنسیپل استاد وسیم صاحب نے کہا کہ جشنِ بلوغ کا یہ پروگرام طلبا کے دینی اور ثقافتی پہلوؤں کو مضبوط بناتا ہے اور انہیں عصر حاضر کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا تسلسل طلبا کے رویے اور دینی تعلیمات کے ساتھ ان کی وابستگی پر مثبت اور واضح اثرات مرتب کرتا ہے۔
یہ پروگرام نوجوان نسل کی تربیت میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون پر مبنی اقدامات کے ذریعے ایک باشعور، ذمہ دار اور اقدار و اصولوں کی پابند نسل کی تربیت کی جا رہی ہے۔













