حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے زائرینِ اربعین کے لیے خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں، نان فیکٹری جو حرم مقدس کے ورکشاپ یونٹ اور سرمایہ کاری بورڈ کے تحت کام کر رہی ہے چوبیس گھنٹے فعال ہے اور روزانہ ہزاروں کی تعداد میں مختلف اقسام کی نان اور باگٹ تیار کر رہی ہے، ان مصنوعات کو حرم سے وابستہ مہمان خانوں اور حسینی مواکب کے درمیان تقسیم کیا جاتا ہے۔
یومیہ 5 ٹن آٹے کا استعمال
فیکٹری کے سربراہ، جناب عبداللہ یحییٰ نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم روزانہ تقریباً 5 ٹن آٹے کی مدد سے 150000 سے زائد باگٹ اور دیگر قسم کی نان تیار کرتے ہیں، جو حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے مہمان خانوں، قدیم شہر نجف میں موجود مواکب اور کربلا کے راستے (یاحسینؑ راستہ) پر زائرین کی خدمت میں مصروف حسینی مواکب کو فراہم کی جاتی ہیں۔
پانچ لائنیں، چوبیس گھنٹے کام
انہوں نے مزید بتایا کہ نان کی مختلف اقسام کی تیاری کے لیے پانچ پیداواری لائنیں چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں، اور اس عمل میں تقریباً 70 خادمین مسلسل مصروف ہیں،
نان کی ترسیل اور تقسیم کے لیے 14 مخصوص گاڑیاں مختص کی گئی ہیں، جو حرم مقدس کے شعبۂ نقل و حمل اور دیگر متعلقہ یونٹس کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
اربعین زائرین کے لیے جامع خدماتی منصوبہ
یہ تمام خدمات حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے اُس جامع خدماتی منصوبے کا حصہ ہیں جو زیارتِ اربعین کے دوران نجف اشرف میں آنے والے لاکھوں زائرین کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، تاکہ وہ حرم امیرالمؤمنین علیہ السلام کی زیارت آسانی اور وقار کے ساتھ انجام دے سکیں۔