سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کا زائرین کی آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے سیکیورٹی پلان کی تیاری

حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کے شعبۂ انتظامات نے ایک مربوط سیکیورٹی اور خدماتی منصوبے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت رواں سال اربعین حسینی کے موقع پر، حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام عراق کے اندرونی اور بیرونی لاکھوں زائرین کے استقبال کے لیے ضروری تیاری کر رہا ہے۔

سیکیورٹی اور خدماتی منصوبہ

اس شعبے کے ترجمان مصطفیٰ فتلاوی نے مرکز خبری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "یہ منصوبہ حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام  کے تمام اہم مقامات کا احاطہ کرتا ہے۔ حرمِ مطہرِ علوی سے لے کر آستان کی طرف جانے والی سڑکوں اور حرم سے باہر زائرین کی رہنمائی کے مقامات تک، جس کا مقصد گاڑیوں اور زائرین کی آمد کو منظم کرنا ہے۔”

ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات

انہوں نے مزید کہا: "مرکزِ معلوماتی ٹیکنالوجی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کی گئی ہے اور جدید ترین کلوزڈ سرکٹ کیمروں کا ایک نظام چوبیس گھنٹے فعال ہے تاکہ مشکوک معاملات کی نگرانی کی جا سکے۔ نیز وائرلیس کمیونیکیشن یونٹ مکمل الرٹ ہے تاکہ معلومات کی درست اور تیز رفتاری سے متعلقہ شعبہ جات تک منتقلی یقینی بنائی جا سکے۔”

انہوں نے یہ بھی اشارہ کیا: "شعبۂ انتظامات کے سربراہ نے کئی تخصصی نشستیں منعقد کی ہیں تاکہ خادمین اور بازرسی کے آلات سے وسیع پیمانے پر استفادہ کرتے ہوئے صحنِ حضرت زہرا علیہا‌السلام اور اس کے داخلی راستوں کو اچھی طرح محفوظ بنایا جا سکے اور زائرین کے داخلے کا عمل آسانی سے انجام پائے۔”

زائرین کی آمدورفت کو منظم کرنا

فتلاوی نے مزید کہا: "اس منصوبے میں ہجوم کی آمدورفت کو منظم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ارد گرد کی سڑکوں پر نقل و حرکت میں رکاوٹیں نصب کر دی گئی ہیں اور آرام گاہوں کو لوہے کی ریلنگز سے محفوظ کر دیا گیا ہے تاکہ زائرین مکمل تحفظ کے ساتھ آرام کر سکیں اور آسانی سے نقل و حرکت کر سکیں۔”

انہوں نے مزید کہا: "اس منصوبے کے اہم ترین حصوں میں سے ایک گمشدہ افراد کے لیے پانچ رہنمائی مراکز کا قیام ہے جو اہم مقامات پر واقع ہیں: حرمِ مطہرِ علوی کا شمالی جانب، میدانِ امام صادق علیہ‌السلام  ، صحنِ حضرت زہرا علیہا‌السلام  ، شہرکِ امام رضا علیہ‌السلام  ، اور کربلا کے پیدل سفر کے راستے میں کمان نمبر ۹۶ کے قریب استراحت گاہِ مرتضیٰ۔”

یہ خدماتی مراکز صوتی نظام، معلومات کی رجسٹریشن، داخلی اور بین الاقوامی کالز، مفت انٹرنیٹ، اور بچوں اور بزرگوں کے لیے مخصوص حصوں پر مشتمل ہیں۔

تربیتی ورکشاپس کا انعقاد

اس سال کے منصوبے میں حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام  کے خادمین کے لیے جدید تربیتی ورکشاپس کا انعقاد بھی شامل ہے، جن میں الیکٹرانک آلات کے استعمال کے طریقے، سیکیورٹی سے متعلق ہوشیاری کو مضبوط بنانا، اور بھاری ہجوم سے نمٹنے کے طریقے سکھائے گئے ہیں تاکہ زائرین کی مکمل حفاظت کے ساتھ بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔

حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام  ہمیشہ مختلف قسم کی خدمات فراہم کرنے اور زائرین کی آمدورفت کو ہموار بنانے کے لیے پروگرام ترتیب دینے کو اہمیت دیتا ہے، تاکہ بیس صفر کو اربعین حسینی کی تقاریب کے احیاء کے لیے کربلا کی جانب روانگی سے قبل حرمِ مطہرِ علوی کی زیارت بہترین طریقے سے انجام پا سکے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے