عراق کی وزیر مواصلات، ڈاکٹر ہیام الیاسری نے حرم مقدس امیرالمؤمنینؑ سے اعلان کیا ہے کہ ملک میں فائیو جی (5G) انٹرنیٹ خدمات کا آغاز بین الاقوامی کمپنی وڈافون کے تعاون سے نجف اور کربلا سے کیا جائے گا۔
یہ اعلان حرم مقدس امیرالمؤمنینؑ میں یکساں مواصلاتی نیٹ ورک کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر، بالخصوص صحن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا گیا۔
وڈافون کے ذریعے فائیو جی خدمات کا آغاز
ڈاکٹر الیاسری نے حرم مطہر علوی کے منبر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اس مقدس مقام سے اعلان کر رہی ہوں کہ وزارت مواصلات نے بین الاقوامی کمپنی وڈافون کے ساتھ مل کر نجف اور کربلا کو فائیو جی ٹیکنالوجی کی ترجیحی کوریج والے صوبوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وڈافون دنیا کی وہ کمپنی ہے جو فائیو جی خدمات کی فراہمی میں سرفہرست ہے،ہم نے زائرین کی کثرت اور اربعین کے خاص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ان خدمات کو اس مقدس موقع پر آغاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
زائرین کی خدمت میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال
وزیر مواصلات نے زور دیا کہ ان اقدامات کا مقصد اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کو بہتر مواصلاتی سہولیات فراہم کرنا ہے،ہم نے موبائل کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے تقریباً مفت انٹرنیٹ پیکجز فراہم کیے ہیں، خاص طور پر ایران سے عراق داخل ہونے والے زائرین کے لیے سرحدی علاقوں پر براہ راست رابطے اور آسان رسائی کی سہولت کے لیے۔
اسی طرح، نجف اور کربلا میں گمشدہ افراد کی رہنمائی کے مراکز اور دیگر تمام مرکزی شاہراہوں پر، جہاں سے زائرین گزرتے ہیں، مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کی گئی ہے۔