حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے مہمان سرائے زائرین نے اربعین کے زائرین کے لیے خصوصی استقبالیہ اسٹیشنوں کے پہلے مرحلے کے آغاز کی اطلاع دی۔
یہ اقدام روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں برکت والے کھانے تقسیم کرنے اور مقدس شہر نجف میں داخل ہونے والے معزز زائرین کو خدمات اور پذیرائی فراہم کرنے کے جامع پروگرام کے تحت کیا جا رہا ہے۔ نجف اشرف وہ مرکزی مقام ہے جہاں سے زائرین اربعین کی تقاریب کے احیاء کے لیے کربلائے معلی کی جانب روانگی سے قبل قیام پذیر ہوتے ہیں۔
مرکزی مہمان سرا؛ اربعین زائرین کے لیے پہلا استقبالیہ اسٹیشن
شعبہ مہمان سرائے زائرین کے سربراہ اثیر تمیمی نے خبررساں مرکز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "مہمان سرائے زائرین نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز صحنِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میں پہلے استقبالیہ اسٹیشن کے افتتاح سے کیا، اور روزانہ تقریباً ۳۰ ہزار برکت والے کھانے ان زائرین میں تقسیم کئے جا رہے ہیں جو حرمِ مطہرِ علوی میں داخل ہو رہے ہیں۔”
۱۸ خدماتی اسٹیشنوں کا قیام
التمیمی نے مزید کہا: "حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام نے شہر نجف کے پرانے علاقے، حرمِ مطہرِ علوی کے ارد گرد اور زائرین کے پیدل سفر کے راستے میں ۱۸ خدماتی استقبالیہ اسٹیشن قائم کئے ہیں تاکہ ملکی اور غیرملکی زائرین کو ہر قسم کی خوراک اور امدادی خدمات فراہم کی جا سکیں۔”
روزانہ ایک لاکھ سے زائد برکت والے کھانے تقسیم
انہوں نے مزید زور دیا: "آنے والے دنوں میں کھانے کی تقسیم کی گنجائش بتدریج بڑھا دی جائے گی اور یہ روزانہ ایک لاکھ سے زائد کھانوں (ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا) تک پہنچ جائے گی، خاص طور پر لاکھوں زائرین کی آمد میں نمایاں اضافے کے ساتھ۔”
التمیمی نے مزید کہا: "دیگر استقبالیہ اسٹیشن ۷ صفر کو امام حسن مجتبیٰ علیہالسلام کی شہادت کے دن سے کھول دئیے جائیں گے اور ان کی سرگرمیاں ۲۸ صفر تک جاری رہیں گی، جو پیامبرِ اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت کے دن ہے۔”
یہ خدمات اُن خدماتی اور امدادی پروگراموں کا حصہ ہیں جو حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام ہر سال شہر نجف اشرف میں امیرالمؤمنین علیہالسلام کے مزار پر آنے والے لاکھوں زائرین کی خدمت کے لیے فراہم کرتا ہے، جو اربعین کی تقاریب کے احیاء کے لیے کربلائے مقدس کے سفر کا نقطۂ آغاز ہے۔







