حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں ایک خصوصی تقریب میں کاشف الغطا عمومی کتب خانے کے مخطوطات کی فہرست کے انسائیکلوپیڈیا کی رونمائی کی گئی، جو کہ نجف اشرف کے علمی ورثے کے تحفظ اور عالم اسلام میں علم کی حفاظت کے سلسلے میں ایک تحقیقاتی اقدام ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں کاشف الغطا عمومی کتب خانے کے مخطوطات کی فہرست کے انسائیکلوپیڈیا کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 500 سے 700 سال قدیم فقہی اور اصولی مخطوطات کو جمع اور آرکائیو کیا گیا ہے،یہ انسائیکلوپیڈیا چار جلدوں پر مشتمل ہے اور اس میں تقریباً 900 عنوانات کی فہرست سازی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، یہ انسائیکلوپیڈیا کتب خانہ کاشف الغطا کے نایاب مخطوطات کی تدوین اور اشاعت کا ایک اہم علمی کارنامہ ہے۔ ان مخطوطات میں اسلامی علوم بالخصوص فقہ و اصول کے بیش بہا ذخائر موجود ہیں جو صدیوں پر محیط اسلامی علمی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی علمی و ثقافتی خدمات کا ایک نمایاں پہلو ہے۔ انہوں نے اس دانشنامہ کو اسلامی تہذیب و تمدن کے تحفظ اور محققین و دانشوروں کے لیے علمی وسائل کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
کتب خانہ عمومی کاشف الغطا، نجف اشرف کے قدیمی اور معروف علمی مراکز میں سے ہے جس میں اسلامی علوم کے نادر و نایاب مخطوطات کا ذخیرہ موجود ہے، اس دانشنامہ کی اشاعت سے محققین اور طلاب کے لیے ان علمی گنجوں تک رسائی آسان ہو جائے گی۔












