حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ امور خواتین نے اس سال بھی اربعین کے موقع پر تمام خدماتی و سیکیورٹی یونٹس کو مکمل طور پر الرٹ اور ہمہ وقت تیار کر دیا ہے،یہ منصوبہ خواتین زائرین کی کثیر تعداد کے پیش نظر ترتیب دیا گیا ہے تاکہ زیارت کے اس عظیم موقع پر بہترین اور منظم خدمات فراہم کی جا سکیں۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبہ امور خواتین کی سربراہ محترمہ رملہ خزاعی نے حرم مقدس کے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال خواتین زائرین کی آمد و رفت کو آسان بنانے اور بھیڑ سے بچنے کے لیے حرم مقدس میں داخل ہونے والے اور باہر جانے والے راستوں میں اضافہ کیا گیا ہے، ساتھ ہی بزرگ خواتین کے لیے ایک خصوصی راستہ رکھا گیا ہے تاکہ وہ براہ راست ضریح مطہر کے سرہانے پہنچ سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین زائرین کے لیے مخصوص رہائشی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں مختلف زبانوں پر عبور رکھنے والی خادمات تعینات کی گئی ہیں، تاکہ فارسی، انگریزی اور دیگر زبانیں بولنے والی خواتین زائرین آسانی سے خدمات حاصل کر سکیں اور بہتر رابطہ قائم کر سکیں۔
محترمہ خزاعی نے مزید وضاحت کی کہ اس سال حرم مقدس میں معلوماتی بورڈز اور نقشے نصب کیے گئے ہیں تاکہ زائرین آسانی سے راستے تلاش کر سکیں، اس کے ساتھ ہی ایک نیا اور جدید امانت نظام متعارف کروایا گیا ہے جس کے ذریعے زائرین محفوظ انداز میں اور آسانی کے ساتھ سامان جمع کروا سکتے ہیں اور واپس لے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیکیورٹی و خدماتی ٹیموں کو وائرلیس آلات فراہم کیے گئے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر رابطہ کیا جا سکے، اس کے ساتھ 24 گھنٹے الرٹ امدادی ٹیم بھی تیار ہے جو کسی بھی ایمریجنسی کی صورت میں فوری حرکت میں آئے گی۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے رضاکار خادمین کے شعبے نے رواں سال مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی 750 سے زائد خواتین خادمات کو حرم مقدس کے شعبۂ امور خواتین میں شامل کیا ہے جنہیں مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے ، ان کے قیام و آرام کا بھی نزدیک ہی انتظام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ امور خواتین کی بھرپور کوشش ہے کہ اربعین کے دوران خواتین زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام سے شروع ہونے والی زیارت اربعین نہایت سکون اور آرام کے ساتھ انجام دی جا سکے ۔

