حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے زائرین کے مہمان خانے نے اعلان کیا ہے کہ اربعین کے زائرین کے لیے پہلے ضیافتی مراکز کی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس اقدام کے تحت روزانہ ہزاروں کھانے پیش کیے جا رہے ہیں، یہ خدمات اُن زائرین کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں جو بڑی تعداد میں نجف اشرف پہنچ چکے ہیں، جہاں سے وہ کربلائے معلی کی طرف سفر کا آغاز کریں گے۔
صحن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا میں ضیافتی خدمات کا آغاز
زائرین کے مہمان خانے کے سربراہ جناب اثیر تمیمی نے میڈیا سینٹر سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے اپنے پہلے ضیافتی اسٹیشن کی سرگرمیاں صحن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے شروع کی ہیں، جہاں روزانہ تقریباً 30000 کھانے زائرین کی خدمت میں پیش کیے جا رہے ہیں۔
18 ضیافتی و خدماتی مراکز کا قیام
انہوں نے مزید بتایا کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے نجف کے قدیم شہر، صحن حرم مقدس کے اطراف اور پیدل چلنے والے راستوں میں 18 ضیافتی و خدماتی اسٹیشنز قائم کیے ہیں تاکہ مقامی اور بین الاقوامی زائرین کو خوراک و دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
روزانہ 100000 سے زائد کھانوں کی تقسیم کا ہدف
اثیر تمیمی نے کہا کہ ہماری خدمات کی گنجائش آنے والے دنوں میں بڑھا دی جائے گی، ہم روزانہ 100000 سے زائد کھانے ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کریں گے۔
شہادت امام حسن علیہالسلام اور رحلت رسول خدا صلیاللهعلیہوآلہ کے ایام تک توسیع
انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر ضیافتی اسٹیشنز بھی 7 صفر کو، امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے، کھول دیے جائیں گے اور ان کی سرگرمیاں 28 صفر، یعنی نبی اکرم صلیاللهعلیہوآلہ کے یوم وفات تک جاری رہیں گی۔
زائرین کی خدمت کا حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کا سالانہ مشن
یہ ضیافتی و خدماتی پروگرام، حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے اُن سالانہ انسانی اور لاجسٹک منصوبوں کا حصہ ہے جو ہر سال اربعین کے موقع پر نجف اشرف میں زائرین کی خدمت کے لیے ترتیب دیے جاتے ہیں، جہاں سے اربعین کا روحانی سفر کربلا کی جانب شروع ہوتا ہے۔







