حضرت امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے بغداد کے بین الاقوامی نمائش مرکز میں ’’چشمۂ حیات‘‘ نمایش کے چوتھے دور کی تقریبات کا آغاز ہوا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے مرکزی شعبۂ اطلاعات کے مطابق، یہ نمایش ادارہ قبس برائے ثقافت و ترقی کی کوششوں سے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس میں دیوانِ وقفِ شیعی، حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام اور دیگر مقدس مقامات کا عملی تعاون شامل ہے۔
افتتاحی تقریب میں مراجع کرام کے نمائندگان اور متعلقہ شخصیات، مختلف مقدس مقامات اور متبرک مزارات کے اراکینِ مجلسِ امنا اور نمائندگان، نیز ثقافتی، سماجی اور فکری اداروں کے ذمہ داران اور معزز دینی و ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے بورڈ کے رکن حیدر العیساوی بھی مختلف شعبوں کے سربراہان کے ہمراہ موجود تھے۔
تقریب کا آغاز حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے قاری ہانی موسوی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ اس کے بعد حرم مقدس حضرت عباس علیہالسلام کے متولی سید احمد صافی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں اس میلے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام دینی، اعتقادی اور قومی شناخت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوان نسل میں شعور بیدار کرنے اور انہیں امامِ عصر (عج اللہ فرجہ الشریف) سے اپنے تعلق کو تازہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے بھی اپنے مختلف شعبوں کے ذریعے بھرپور اور مؤثر شرکت کی ہے۔ اس موقع پر ادارے کی عمرانی، انجینئرنگ، سرمایہ کاری، ترقیاتی، فکری، ثقافتی، میڈیا، سائنسی، طبی، فنی، زرعی، آثارِ قدیمہ اور قرآنی شعبوں کی خدمات، منصوبے اور تجربات پیش کیے جا رہے ہیں، جس سے میلے کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا ہو رہا ہے۔







