ماہ رمضان کی آمد کے پیش نظر حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں 6500 مربع میٹر سے زائد رقبے پر نفیس اور جدید عالمی معیار کی قالینیں بچھا دی گئی ہیں تاکہ زائرین کو بہترین روحانی اور عبادتی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے میڈیا سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، ماہ رمضان کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے وسیع پیمانے پر خدماتی اقدامات کا آغاز کیا ہے، جن میں 6500 مربع میٹر سے زائد رقبے پر مشتمل حرم مقدس کے صحنوں میں نئے قالین بچھانے کا اہم اقدام شامل ہے، اس اقدام کا مقصد ماہ رمضان کے بابرکت ایام اور شبوں میں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں آنے والے زائرین کے لیے ایک مناسب روحانی اور عبادتی ماحول فراہم کرنا ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی مجلس نظما کے رکن حیدر العیساوی نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدماتی شعبے کے عملے نے ایک جامع منصوبے کے تحت حرم مقدس کے صحنوں میں قالین بچھانے کا کام شروع کیا ہے، اس منصوبے کا مقصد ماہ رمضان کے استقبال کے لیے ایک روحانی اور ایمانی فضا فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی قالین نفیس نباتاتی نقش و نگار اور منفرد ڈیزائن کی حامل ہیں اور ان کی تیاری میں بہترین عالمی معیار کے اعلیٰ درجے کے دھاگوں اور بین الاقوامی معیارات کو مدنظر رکھا گیا ہے، تاکہ یہ مقدس مقام کی عظمت اور دینی حیثیت کے عین مطابق ہوں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ قالینوں سے آراستہ کیا جانے والا رقبہ 6500 مربع میٹر سے زائد ہے، جس میں صحنوں کے رواق، مرکزی صحن اور صحنوں کے داخلی راستے شامل ہیں، تاکہ زائرین کو حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں زیادہ سے زیادہ آرام اور سہولت فراہم کی جا سکے۔
العیساوی نے بتایا کہ یہ قالین مختلف سائز میں تیار کی گئی ہیں اور استعمال ہونے والی قالینوں کی مجموعی تعداد تقریباً 3000 ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے زیارات کے ایام کے دوران زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے جاری وسیع انتظامات اور منظم کوششوں کا حصہ ہیں۔










