حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے نائب متولی نے عراق میں تعینات ہونے والے لبنان کے نئے سفیر خلیل عبداللہ محمد کا استقبال کیا، جس میں دوطرفہ تعاون اور لبنانی زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر گفتگو ہوئی۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے میڈیا سینٹر کی رپورٹ کے مطابق،عراق میں تعینات ہونے والے لبنان کے نئے سفیر خلیل عبداللہ محمد نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی زیارت کی، اس موقع پر حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے نائب متولی حسن الطائی اور شعبۂ تعلقات عامہ کے سربراہ نے ان کا استقبال کیا۔
شعبۂ تعلقات عامہ کے سربراہ صاحب البصیصی نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور تعلقات مزید وسیع کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ لبنانی زائرین سے متعلق امور، خاص طور پر زیارت اربعین کے دوران ان کی آمد، سہولیات اور خدمات کی فراہمی پر بھی گفتگو کی گئی۔
لبنان کے سفیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں ان کا پہلا دورہ نجف اشرف اور حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام سے شروع ہوا ہے، انہوں نے پرتپاک استقبال پر حرم مقدس کے خادمین کا شکریہ ادا کیا اور دنیا بھر خاص طور پر لبنان سے آنے والے زائرین کے لیے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی وسیع تر خدمات کو سراہا۔





