حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے دارالقرآن نے عراق بھر سے ۳۰ قرآنی اساتذہ کی شرکت کے ساتھ قرآن مجید کے اساتذہ کے لیے تعلیمی پروگرام کی تیسری تربیتی ورکشاپ شروع کر دی ہے جس میں جدید تعلیمی طریقوں اور تجوید کے قواعد و ضوابط پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ فکری و ثقافتی امور سے وابستہ دارالقرآن نے قرآن مجید کے اساتذہ کے لیے تعلیمی پروگرام کا تیسرا دورہ عراق کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے تیس قرآنی اساتذہ کی شرکت کے ساتھ منعقد کیا۔
حرم مقدس کے دارالقرآن کے نائب ذمہ دار امیر کَسّار نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام قرآنی اساتذہ کی علمی اور تعلیمی صلاحیتوں کو بڑھانے کے مقصد سے منعقد کیا گیا ہے اور اس میں جدید ترین تعلیمی طریقوں پر مبنی اعلیٰ درجے کے اسباق کے ساتھ ساتھ تجوید اور علومِ قرآن مجید کی نئی مباحث کی تعلیم بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ ایک علمی اور عملی نقطۂ نظر کے ساتھ قرآن مجید کے اساتذہ کے درمیان قرآن مجید کی تعلیم دینے کی مہارتوں کی سطح کو بلند کرنے کی کوشش ہے۔
اس دورے کے استاد ڈاکٹر احمد نجفی نے پیش کیے جانے والے علمی مواد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تعلیمی مواد کو ایک نئے اور سادہ انداز میں ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کا پروگرام تجوید کے موضوع کے لیے مخصوص تھا کیونکہ اس موضوع کا لحن اور صرفی مسائل سے براہ راست تعلق ہے اور طلبا میں تجوید کے قواعد کے عملی فہم کو مستحکم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
اس دورے میں شریک واسط صوبے سے تعلق رکھنے والے ضیاء عباس نے پروگرام کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے اسے منفرد قرار دیا اور کہا کہ اس دورے نے قرآنی تعلیم کے میدان میں اہم پیشرفت کی ہے خاص طور پر زبان کی فصاحت کو مضبوط بنانے، تجوید کے احکام کے درست اطلاق اور مفاہیم کی شفافیت کے حوالے سے۔
بصرہ صوبے سے تعلق رکھنے والے دورے میں شریک استاد عبدالاعلیٰ الصالحی نے دورے کے تعلیمی مواد اور عناوین کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں انجام دیے جانے والے طریقے جدید اور پیشرفته تھے اور حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی جانب سے فراہم کردہ تکنیکی وسائل نے اس دورے کے علمی معیار کو مزید مضبوط بنایا، خاص طور پر علمِ تجوید کی تاریخی بنیادوں اور اس کے ارتقائی مراحل کی وضاحت اور شرکاء کے سوالات کے واضح جوابات میں۔
یہ پروگرام قرآنی اور علمی سرگرمیوں کے سلسلے میں منعقد کیا گیا ہے جن کے ذریعے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام تعلیمی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور معاشرے میں قرآنی ثقافت کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے خصوصی اہتمام کرتا ہے۔








