حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ دارالقرآن الکریم نے ’’بریر ہمدانی‘‘ کے عنوان سے نواں تعلیمی کورس آغاز کیا ہے، جو تلاوت کے احکام، صحیح قرائت اور قرآنی علوم کی ابتدائی تربیت پر مشتمل ہے، اس دو ماہی کورس میں 40 سے زائد طلباء شریک ہیں۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے ادارۂ فکری و ثقافتی امور سے وابستہ دارالقرآن الکریم نے "بریر بن خضیر الہمَدانی” کے عنوان سے نواں قرآنی تعلیمی کورس شروع کیا ہے، جو نجف اشرف میں واقع علوی بلڈنگ میں منعقد کیا گیا ہے۔
تجوید و صحیح تلاوت کے قواعد کو مضبوط کرنا
شعبہ دارالقرآن کے سربراہ علاء محسن نے میڈیا سنٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کورس دارالقرآن کے سالانہ منصوبے کے تحت منعقد کیا گیا ہے اور اس کا مقصد طلباء اور ابتدائی سطح کے قاریوں کی تربیت ہے۔
اس مرحلے میں تجوید اور درست قرائت کے اصولوں کو مستحکم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ شرکت کرنے والوں کے لیے قرآنی علوم کے بارے میں غور و فکر کرنے کے لیے علمی و فکری ماحول فراہم کیا گیا ہے۔
دو مہینے کے اس کورس میں 40 سے زائد طلباء کی شرکت
انہوں نے بتایا کہ یہ کورس دو ماہ کا ہے اور ہفتے تین دن منعقد ہو گا جس میں روزانہ دو سیشن رکھے گئے ہیں:
پہلا سیشن: صحیح قرائت اور تلاوت کے احکام
دوسرا سیشن: علومِ قرآن مجید
اس کورس میں چالیس سے زائد ایسے افراد شریک ہیں جو طے شدہ معیارات کے تحت منتخب کیے گئے ہیں۔
قرآنی علوم کی طرف اگلا قدم
یہ کورس حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے اس وسیع منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد شرکاء کی علمی بنیاد کو مضبوط کرنا اور انہیں تجوید، تفسیر اور علومِ قرآنی کے اعلیٰ مراحل کی طرف رہنمائی کرنا ہے تاکہ مستقبل میں وہ اس راہ میں علمی و عملی ترقی کر سکیں۔




