حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے وفد کی جانب سے بھارت کی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں جشن میلاد امیرالمؤمنین علیہالسلام کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اہل بیت علیہمالسلام کے چاہنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس سلسلے میں ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں اہل بیت علیہمالسلام کے چاہنے والوں کی وسیع شرکت کے ساتھ ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی،اس شہر میں تقریباً چھ ہزار شیعہ باشندے مقیم ہیں۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد معصومین اثناعشری فاؤنڈیشن کے سربراہ سید محمد بای نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطاب کیا۔، اس کے بعد حرم مقدس کے شعبۂ امور دینی کے تبلیغاتی یونٹ کے سربراہ شیخ ہانی کنانی نے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی کی نمائندگی کرتے ہوئے امیرالمؤمنین علیہالسلام کی ولادت باسعادت پر مبارکباد پیش کی، متولی کا سلام اور دعائیں حاضرین تک پہنچائیں اور حضرت علی علیہالسلام کے فضائل بیان کیے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے وفد نے دینی مدارس اور حوزات کے منتظمین، یتیموں کی کفالت کرنے والے مراکز، مساجد کے ذمہ داران اور تقریب کے منتظمین کو متبرک تحائف پیش کیے، جبکہ معصومین فاؤنڈیشن کی جانب سے حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے وفد کو یادگاری لوح بھی پیش کی گئی۔
مجمع علوی برائے تحقیقات و مطالعات اسلامی کے عہدیدار اور وفد کے رکن شیخ سلام ناصری نے بتایا کہ اس تقریب کے دوران پرچم امیرالمؤمنین علیہالسلام لہرایا گیا اور مختلف دینی و ثقافتی سرگرمیاں انجام دی گئیں جو اہل بیت علیہمالسلام سے عوام کی گہری محبت اور وابستگی کی عکاسی کرتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ وفد نے شہر کی مساجد، یتیموں کی معاونتی مراکز، دینی مدارس اور حوزات علمیہ کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ تقریب کے اختتام پر ایک خصوصی قرعہ اندازی منعقد ہوئی، جس کے تحت شہر کے دس افراد کو منتخب کر کے عتباتِ مقدسہ عراق کی زیارت کے لیے روانہ کیا گیا، یہ تمام پروگرام امیرالمؤمنین علیہالسلام کے چاہنے کے درمیان خوشی اور مسرت کے ماحول میں انجام پایا۔
یہ تقریب حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے ان پروگراموں کا حصہ ہے جو دینی مناسبتوں کے احیاء، دنیا بھر کی شیعہ برادریوں سے تعلقات کے فروغ اور اہلِ بیت علیہمالسلام کی محبت و ولایت کے ثقافتی پیغام کے فروغ کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں۔
































