حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے متولی نے نجف اشرف میں اساتذہ محلہ کے پارک کی بحالی و تزئین کے بعد افتتاح کیا، جو شہری خدمات، ماحولیات اور عوامی تفریحی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے۔
اس افتتاحی تقریب میں حرم مقدس کے متولی سید عیسیٰ الخرسان نے اپنے نائب، مجلس نظما کے اراکین، مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ شرکت کی، اس کے علاوہ نجف اشرف کے گورنر بھی تقریب میں موجود تھے، یہ منصوبہ صوبے میں عوامی مقامات کی توسیع، ماحولیاتی بہتری اور شہری خدمات کے معیار کو بلند کرنے کی کوششوں کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔
حرم مقدس کے تعمیراتی اور انجینرنگ شعب کے سربراہ مصطفی محبوبہ نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ پارک کا رقبہ 43 ہزار مربع میٹر سے زائد ہے اور جو اس سے قبل شدید لاپروائی کا شکار تھا، ماہر ٹیموں نے تمام خرابیوں کو ختم کیا، کاشت کے لیے موزوں مٹی دوبارہ تیار کی، اور اس کے ساتھ ساتھ تقریباً 5500 چھوٹے پودے اور 150 سے زائد بڑے درخت لگائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے دوران روشنی کے نظام، بنیادی ڈھانچے اور منصوبے کے اطراف کے تمام حصوں کو مکمل طور پر ازسرِنو تعمیر کیا گیا، جس سے پارک ایک جامع اور معیاری شہری تفریحی مقام میں تبدیل ہو گیا۔
مصطفی محبوبہ کے مطابق، اس منصوبے کے نتیجے میں یہ علاقہ ایک ویران اور نظرانداز شدہ مقام سے بدل کر ایک خوبصورت شہری پارک اور تفریحی مرکز بن گیا ہے،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام آئندہ بھی ایسے خدماتی منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گا جو معاشرے کی خدمت اور شہری ماحول کی بہتری میں معاون ہوں۔
اساتذہ محلہ کے پارک کا افتتاح، غدیر پارک اور دیگر متعدد خدماتی منصوبوں کے بعد عمل میں آیا ہے، جو حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی انتظامیہ کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے، یہ اقدامات حرم مقدس کے اس مستقل عزم کی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت وہ شہری خدمات، ماحولیاتی منصوبوں اور عوامی تفریحی مقامات کی فراہمی کے ذریعے نجف اشرف والوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔









