سب سے زیادہ تلاش کیا گیا:

میری چادر

حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کی’’میری چادر‘‘ پروگرام کے انعقاد کے لیے مکمل تیاری

حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام نے ہفتہ عفاف کے پروگرام ’’میری چادر‘‘ کے پانچویں مرحلے کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کی’’میری چادر‘‘ پروگرام کی ذمہ دار کمیٹی نے بتایا کہ تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں  اور یہ پروگرام عفاف ہفتہ کے سلسلے میں منعقد کیا جائے گا۔

حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کے میڈیا شعبہ کے نائب سربراہ اور پروگرام کی نگراں کمیٹی کے رکن جعفر البديری نے نیوز سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام صحن حضرت فاطمہ زہرا سلام‌اللہ‌علیہا میں منعقد ہوگا جو حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کے گنبد کے سامنے واقع ہے، اس میں ان منتخب طالبات کی میزبانی کی جائے گی جنہیں ایک منظم اور واضح طریقہ کار کے تحت منتخب کیا گیا ہے،ابتدائی مرحلے میں نجف اشرف کے 9 سرکاری اور غیر سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والی باحجاب طالبات اس پروگرام میں شرکت کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عراق کے دیگر صوبوں میں بھی آئندہ مراحل میں خصوصی پروگراموں کے ذریعے طالبات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاکہ اس پروگرام کا پیغام پورے عراق میں طالبات تک پہنچ سکے۔

البديری نے وضاحت کی کہ اس تقریب کے لیے اس مقام کا انتخاب، جو گنبد مطہر امیرالمؤمنین علیہ السلام کے سب سے قریب ہے، گہرے روحانی اثرات رکھتا ہے، کیونکہ یہ مقدس فضا روحانی احساس پیدا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں شریک طالبات کو ایک چادر کے ساتھ ایک علامتی تحفہ بھی پیش کیا جائے گا، جس میں سنگ مرمر کا ایک ٹکڑا شامل ہوگا، جس پر مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی دام ظلہ کی لڑکیوں کے نام وصیت کندہ ہے۔ اس وصیت میں عفاف کی اہمیت، انسانی وقار کی حفاظت اور جھوٹے جذبات اور عارضی دل چسپیوں کے پیچھے پھسلنے سے بچنے پر زور دیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طالبات کی آمد صحن حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے دروازوں سے ہوگی اور یہ سلسلہ بالائی صحن تک جاری رہے گا ۔

قابل ذکر ہے کہ ’’میری چادر‘‘ پروگرام حرم مقدس امیرالمومنین علیہ‌السلام کے اس وژن کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد طالبات میں عفاف کے کلچر کو مضبوط بنانا ہے۔

مزید مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے