حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والے ہفتۂ عفاف کے پروگراموں کے تحت حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام نے صحن حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا میں عراق کے 9 صوبوں سے تعلق رکھنے والی 200 سے زائد نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کی اجتماعی شادیوں کی میزبانی کی۔
اس تقریب میں حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے متولی سید عیسیٰ الخرسان، ان کے نائب، مجلس انتظامیہ کے اراکین، مختلف شعبوں کے سربراہان اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے متولی کے نمائندے اور شعبہ امور دینی کے سربراہ شیخ کرار الخفاجی کی تقریر سے ہوا، انہوں نے اپنی گفتگو میں اس مبارک موقع پر مؤمن خاندانوں کے ساتھ حرم حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام اور اس کے تمام عملے کی حمایت اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ حضرت فاطمہ زہرا اور امیرالمومنین علیہماالسلام کے خاندان کی سیرت کی بنیاد پر ایک صالح اور مضبوط خاندان تشکیل دیا جا سکے۔
اس موقع پر حوزہ علمیہ کے استاد ڈاکٹر مہیب الاعرجی نے اصلاحی خطاب کیا اور نوجوان جوڑوں کو اخلاقی، اعتقادی اور تربیتی نصیحتیں کیں، انہوں نے ازدواجی زندگی میں اسلامی اقدار اور اہل بیت علیہمالسلام کے اخلاقی اصولوں پر عمل کی ضرورت پر زور دیا، جو محبت، رحمت اور باہمی احترام پر مبنی ایک مضبوط اور خوشحال خاندان کے قیام کا باعث بنتے ہیں۔
تقریب میں حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کی ولادت کی مناسبت سے نعتیہ کلام سمیت مختلف فنی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔
تقریب کے اختتام پر حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کی جانب سے نوجوان جوڑوں کی حوصلہ افزائی کی گئی، جو ایمان، خوشی اور مسرت سے بھرپور ماحول میں انجام پائی۔
شعبہ منصوبہ بندی و ترقی سے وابستہ مرکز نظم کی سرگرمیوں اور پروگراموں کے ذمہ دار امیر عبادی نے نیوز سینٹر سے گفتگو میں بتایا کہ اس تقریب میں بغداد، بصرہ، المثنی، ذی قار، واسط، قادسیہ، میسان، بابل اور نجف اشرف سمیت عراق کے 9 صوبوں سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیاں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
انہوں نے اس مبارک تقریب کی کامیابی اور منظم انعقاد میں حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے متولی کے دفتر اور معاون شعبوں، جن میں مرکز نظم، شعبہ منصوبہ بندی و ترقی، سرمایہ کاری کمیٹی، شعبہ میڈیا، تعلقات عامہ، مہمان خانہ اور خدماتی امور شامل ہیں، کے اہم کردار کی بھی نشاندہی کی۔
یہ اقدام عفاف ہفتہ کے دوران حرم مقدس امیرالمومنین علیہالسلام کے دینی اور سماجی پروگراموں کا حصہ ہے، جس کا مقصد آسان شادی کے کلچر کو فروغ دینا، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور معاشرے میں صالح خاندانی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔









