گیارہویں صدی کے نامور شیعہ عالم علامہ محمد تقی مجلسی (۱۰۷۰ھ) نے اس موضوع پر گفتگو کی ہے۔ انہوں نے رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی ایک روایت کی شرح پیش کی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے والدین کے لیے چند عملی طریقے بھی بیان کیے ہیں۔ ان طریقوں سے واضح ہوتا ہے کہ بچوں کی علوی تربیت کے لیے شعوری منصوبہ بندی ضروری ہے۔ اہل بیت علیہمالسلام کی محبت کو زندگی کے خوش گوار تجربات سے جوڑنا بھی اہم ہے۔
علامہ محمد تقی مجلسی کے بیان کردہ تین عملی طریقے
علامہ محمد تقی مجلسی نے اپنی کتاب روضۃ المتقین میں رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی اس روایت:
أدّبوا أولادَكم عَلى حُبِّ عليّ عليهالسلام کی شرح کرتے ہوئے والدین کو امیرالمومنین علیہالسلام کی محبت بچوں کے دلوں میں راسخ کرنے کے تین طریقے بتائے ہیں:
۱۔ امیرالمومنین علی علیہالسلام کے فضائل اپنے بچوں کو پڑھ کر سنائیں۔
۲۔ جب بھی بچوں کے لیے کوئی ایسی چیز خریدیں جو انہیں پسند ہو، مثلاً کھانے پینے کی کوئی چیز، لباس یا تحفہ، تو ان سے کہیں کہ یہ تحفہ امیرالمومنین علیہالسلام کی طرف سے ہے۔
۳۔ جب بھی کوئی مصیبت یا بلا ان سے ٹل جائے تو انہیں بتائیں کہ مولا علیہالسلام کی برکت سے یہ مصیبت ان سے دور ہوئی ہے۔[۱]
ان طریقوں پر عمل کرتے ہوئے بچوں کی تربیت کریں تاکہ حضرت کی محبت ان کے دلوں میں راسخ ہو جائے۔
بچوں کو امیرالمومنین علیہالسلام کے فضائل سنانا
والدین کو چاہیے کہ اپنے خاندان میں بچوں کی علوی تربیت کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کریں۔ گھریلو ماحول میں امیرالمومنین علیہالسلام کی زندگی اور فضائل کے خوب صورت واقعات بیان کریں۔ بچوں کو اہل بیت علیہمالسلام کے فضائل و معارف پر منعقدہ مجالس میں شرکت کا موقع دیں۔ ان کی محبت بچوں کے دلوں میں پیدا کرنے کے لیے مؤثر اور دل نشین انداز اپنائیں۔ اس محبت کو بچوں کی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ وہ اسے محسوس بھی کر سکیں۔
بچے میں ابھی تاریخی اور اعتقادی مباحث کا گہرا تجزیہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہوتی، لیکن وہ محبت کا تجربہ ضرور کرتا ہے۔ جب اسے کوئی تحفہ ملتا ہے اور اس کے ساتھ امیرالمومنین علیہالسلام کا نام بھی لیا جاتا ہے۔ تو آہستہ آہستہ آپ کا نام اس کے ذہن میں خوشی اور مہربانی کے احساسات سے جڑ جاتا ہے۔ یوں حضرت کا نام تحفظ اور زندگی کی شیرینی کے احساسات کی علامت بن جاتا ہے۔ بچے کو صرف مولا سے محبت کرنے کی تلقین کافی نہیں، بلکہ اس محبت کو عملی طور پر سمجھانا بھی ضروری ہے۔ ہمیں ایسا ماحول فراہم کرنا چاہیے جہاں وہ اپنی روزمرہ زندگی میں اس محبت کو محسوس کر سکے۔ پہلے اس کے دل میں محبت کا بیج بوئیں، پھر معرفت اور شناخت کے ذریعے اسے مزید گہرا کریں۔ البتہ محبت اور معرفت کو ساتھ ساتھ پروان چڑھانا بھی ضروری ہے۔
ہمیں کوشش کرنی چاہیے تربیت اس انداز سے ہو کہ جب بچے امیرالمومنین علی علیہالسلام کا نام سنیں، تو انہیں محض ایک تاریخی شخصیت یاد نہ آئے۔ بلکہ انہیں محسوس ہو کہ بچپن ہی سے آپ علیہالسلام کا نام ان کی زندگی کے تمام خوش گوار لمحات سے وابستہ رہا ہے۔
[۱] روضۃ المتقین، جلد ۸، صفحہ ۶۴۴
