حضرت زینب سلاماللہعلیہا کی ولادت اور نام رکھنے کا واقعہ
حضرت زینب سلاماللہعلیہا مدینہ منورہ میں رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کے زمانے میں پیدا ہوئیں۔ آپ سلاماللہعلیہا امیرالمومنین علیہالسلام اور حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کی تیسری اولاد تھیں۔ امام حسن اور امام حسین علیہماالسلام کے بعد آپ سلاماللہعلیہا کی ولادت پانچ جمادی الاول کو ہوئی۔ اس قول کے مطابق آپ سلاماللہعلیہا کی ولادت پانچ یا چھ ہجری میں ہوئی تھی۔ اسی قول کی بنیاد پر پانچ جمادی الاول کو اس عظیم المرتبت خاتون کی ولادت کی یاد منائی جاتی ہے۔[۱]
آپ سلاماللہعلیہا کے نام رکھنے کے بارے میں ایک روایت نقل ہوئی ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا نومولود بچی کو امیرالمومنین علیہالسلام کی خدمت میں لائیں اور ان سے درخواست کی کہ اس کا نام تجویز فرمائیں۔
آپ علیہالسلام نے فرمایا:
میں رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ سے پہلے اس معاملے میں کوئی فیصلہ نہیں کروں گا، جب رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ سفر سے واپس تشریف لائے تو آپ صلیاللہعلیہوآلہ نے بھی اس کا نام رکھنے کا معاملہ حکم پروردگار کے سپرد کر دیا۔ پھر جبرئیل علیہالسلام تشریف لائے اور زینب نام بتایا اور عرض کیا کہ اللہ تعالیٰ نے اس بچی کے لیے یہی نام منتخب فرمایا ہے۔[۲]
خانۂ وحی میں حضرت زینب سلاماللہعلیہا کی تربیت
جناب زینب سلاماللہعلیہا نے ایسے گھرانے میں پرورش پائی جہاں قرآن مجید کی تلاوت اور رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کے فرامین کی صدائیں گونجتی تھیں۔ آپ سلاماللہعلیہا کے بچپن کے ایک واقعے میں بیان ہوا ہے:
ایک دن آپ سلاماللہعلیہا نے اپنے والد سے پوچھا: بابا جان! کیا آپ علیہالسلام ہم سے محبت کرتے ہیں؟
امیرالمومنین علیہالسلام نے فرمایا: میں تم سے محبت کیوں نہ کروں، جبکہ تم میرے دل کا سکون ہو؟
حضرت زینب سلاماللہعلیہا نے عرض کیا: بابا جان! محبت تو اللہ کے لیے ہے، جبکہ شفقت اور مہربانی ہمارے لیے ہے۔[۳]
یہ مختصر مکالمہ باپ اور بیٹی کے گہرے تعلق کے درمیان محبت الٰہی کے بارے میں آپ سلاماللہعلیہا کی گہری سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔
اپنے نانا اور والدہ کے ساتھ آپ سلاماللہعلیہا کا وقت مختصر تھا، لیکن ان کی قربت کے اثرات زندگی بھر آپ سلاماللہعلیہا کے ساتھ رہے۔ آپ سلاماللہعلیہا ابھی کم سن ہی تھیں کہ پہلے رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ اور اس کے کچھ ہی عرصے بعد آپ سلاماللہعلیہا اپنی والدہ سے بھی محروم ہو گئیں،۔ اس کے باوجود آپ سلاماللہعلیہا نے حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کے ارشادات کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھا۔ چنانچہ ابن عباس، فدک کے بارے میں حضرت فاطمہ زہرا سلاماللہعلیہا کا خطبہ حضرت زینب سلاماللہعلیہا سے نقل کرتے تھے اور انہیں ’’ہماری عقیلہ ‘‘ کے لقب سے یاد کرتے تھے۔[۴]
حضرت زینب سلاماللہعلیہا کا علمی مقام اور عصمت
پاکیزہ نسب، خانہ وحی میں تربیت اور سخت ترین آزمائشوں میں ثابت قدمی، یہ تمام اوصاف آپ سلاماللہعلیہا کی شخصیت میں یکجا تھے۔ آپ سلاماللہعلیہا کا معصوم والدین کی آغوش میں پرورش پانا، آپ سلاماللہعلیہا کی عصمت کے عقیدے کی تائید کرنے والی ایک دلیل قرار دیا جا سکتا ہے۔ بعض علماء نے کربلا اور اس کے بعد کے واقعات میں آپ سلاماللہعلیہا کے کردار اور مقام و مرتبے کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ سلاماللہعلیہا کی عصمت کے بارے میں گفتگو کی ہے۔
تنقیح المقال میں آیا ہے:
اگر کوئی آپ سلاماللہعلیہا کی عصمت کا قائل ہو تو کربلا اور اس کے بعد کے حالات سے واقف شخص اس کا انکار نہیں کر سکتا۔[۵]
ازدواجی زندگی اور کوفہ میں دینی خدمات
حضرت زینب سلاماللہعلیہا کی شادی امیرالمومنین علیہالسلام کے بھتیجے عبداللہ بن جعفر سے ہوئی اور آپ سلاماللہعلیہا کے ہاں اولاد بھی ہوئی۔[۶]
آپ سلاماللہعلیہا کے ایک فرزند عون کربلا میں امام حسین علیہالسلام کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔[۷]
شادی شدہ زندگی نے آپ سلاماللہعلیہا کو خاندان رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی رفاقت سے جدا نہیں کیا، اپنے والد گرامی کے دور حکومت میں آپ سلاماللہعلیہا کوفہ میں مقیم رہیں۔ آپ سلاماللہعلیہا کے حالات زندگی سے متعلق بعض روایات میں ذکر ملتا ہے کہ آپ سلاماللہعلیہا کوفے کی خواتین کو دینی معارف اور تفسیر قرآن کی تعلیم دیا کرتی تھیں۔[۸]
کربلا سے پہلے حضرت زینب سلاماللہعلیہا کا امتحان
کوفہ حضرت زینب سلاماللہعلیہا کے لیے ایک طرف والد کے ساتھ رفاقت کا شہر تھا تو دوسری طرف ان سے آخری ملاقات کا مقام بھی بنا۔ امیرالمومنین علیہالسلام کے سر پر ضربت لگنے کے بعد حضرت زینب سلاماللہعلیہا نے جناب ام ایمن سے خاندان رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ پر آنے والی مصیبتوں کے بارے میں جو حدیث سنی تھی، وہ اپنے والد کے سامنے بیان کی اور درخواست کی کہ وہ بھی اسے اپنی زبان سے بیان فرمائیں۔ امیرالمومنین علیہالسلام نے جناب ام ایمن کے بیان کی تصدیق فرمائی۔ اس کے بعد آپ علیہالسلام نے اس دن کی خبر دی جب جناب زینب سلاماللہعلیہا اور خاندان کی دوسری خواتین کو اسی شہر میں اسیر بنا کر لایا جائے گا اور انہیں صبر و استقامت کی تلقین فرمائی۔[۹]
والد گرامی کی شہادت اور اس کے بعد امام حسن علیہالسلام کی شہادت نے آپ سلاماللہعلیہا کے دل پر غم کے دو اور گہرے زخم لگائے۔ کئی سال گزر گئے، یہاں تک کہ وہ دن آ پہنچا جب آپ امام حسین علیہالسلام کے ساتھ اپنی زندگی کی سب سے بڑی آزمائش، یعنی کربلا، کے سامنے کھڑی تھیں۔
عاشورہ حضرت زینب سلاماللہعلیہا کی عبادت و استقامت
شب عاشورہ حضرت زینب سلاماللہعلیہا امام زین العابدین علیہالسلام کے پاس تھیں اور ان کی تیمارداری کر رہی تھیں۔
امام زین العابدین علیہالسلام نقل فرماتے ہیں:
اسی رات انہوں نے اپنے والد کے اشعار سنے، جن میں شہادت کے نزدیک ہونے کا ذکر تھا، حضرت زینب نے بھی یہ اشعار سنے اور اپنے بھائی کے پاس تشریف لے گئیں، امام حسین علیہالسلام سے جدائی کا خیال، والدہ، والد اور بھائی امام حسن علیہالسلام کی جدائی کے غم کو ایک بار پھر تازہ کر رہا تھا، امام حسین علیہالسلام نے ان سے گفتگو فرمائی اور انہیں صبر و شکیبائی کی نصیحت کی۔[۱۰]
امام حسین علیہالسلام کی صاحبزادی جناب فاطمہ سے منقول ایک روایت میں آیا ہے:
شب عاشور حضرت زینب سلاماللہعلیہا محراب عبادت میں کھڑی تھیں اور بارگاہ پروردگار میں فریاد و التجا کر رہی تھیں۔[۱۱]
امام حسین علیہالسلام کے اپنی بہن سے آخری وداع کے بارے میں بھی ایک روایت میں آیا ہے:
آپ علیہالسلام نے فرمایا: میری بہن! مجھے نماز شب میں فراموش نہ کرنا۔ [۱۲]
اللہ تعالیٰ سے آپ سلاماللہعلیہا کا یہ تعلق عاشورہ کے بعد بھی برقرار رہا۔ چنانچہ امام زین العابدین علیہالسلام سے منقول ہے:
میں نے اس رات انہیں بیٹھ کر نماز پڑھتے دیکھا۔[۱۳]
واقعہ کربلا کے بعد اہل حرم کی حفاظت
اس رات کے بعد آنے والی صبح امام حسین علیہالسلام اور ان کے ساتھی شہید ہو گئے، حضرت زینب سلاماللہعلیہا نے اپنے بھائی، فرزند اور دیگر عزیزوں کو کھو دیا، لیکن ان تمام مصائب کے باوجود اہل حرم کی دیکھ بھال اور ان کی حفاظت سے غافل نہ ہوئیں۔
جب قافلے کو کربلا سے لے جایا جا رہا تھا تو امام زین العابدین علیہالسلام نے شہداء کے بے گور و کفن اجساد دیکھے تو سخت غمگین ہو گئے۔ کامل الزیارات کی اسی روایت کے اگلے حصے میں بیان ہوا ہے:
حضرت زینب سلاماللہعلیہا نے انہیں تسلی دینے کے لیے رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کا وعدہ یاد دلایا، انہوں نے فرمایا کہ کچھ لوگ آئیں گے اور ان شہداء کے اجساد کو دفن کریں گے، حسین علیہالسلام کی قبر پر ایک نشانی قائم کی جائے گی جسے زمانے کا گزرنا مٹا نہیں سکے گا، بلکہ دشمنوں کی جانب سے اسے مٹانے کی کوششیں اس کی شہرت اور عظمت میں مزید اضافہ کریں گی۔[۱۴]
کوفہ میں حضرت زینب سلاماللہعلیہا کا تاریخی خطبہ
قافلہ کوفہ پہنچا، وہی شہر جہاں کبھی حضرت زینب سلاماللہعلیہا اپنے والد کے ساتھ رہا کرتی تھیں۔ لیکن اس مرتبہ انہیں قیدی بنا کر لایا گیا تھا۔ اس کے باوجود اسیری ان کی زبان کو خاموش نہ کر سکی، آپ سلاماللہعلیہا نے لوگوں سے خطاب کیا اور انہیں عہد شکنی اور خاندان رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کے حوالے سے ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔
اس خطبے کے بعد امام زین العابدین علیہالسلام نے فرمایا:
اللہ کا شکر ہے کہ آپ سلاماللہعلیہا عالمہ ہیں، حالانکہ کسی نے آپ سلاماللہعلیہا کو تعلیم نہیں دی اور آپ سلاماللہعلیہا صاحب فہم و ادراک ہیں، حالانکہ کسی نے آپ سلاماللہعلیہا کو سمجھایا نہیں۔[۱۵]
دربار ابن زیاد میں امام زین العابدین علیہالسلام کا دفاع
ابن زیاد کے دربار میں بھی جب امام زین العابدین علیہالسلام کو قتل کرنے کا حکم دیا گیا تو حضرت زینب سلاماللہعلیہا نے انہیں اپنے سینے سے لگا لیا اور فرمایا:
خدا کی قسم! میں ان سے جدا نہیں ہوں گی، اگر تم انہیں قتل کرنا چاہتے ہو تو مجھے بھی ان کے ساتھ قتل کر دو۔، آپ سلاماللہعلیہا کی اس استقامت نے ابن زیاد کو امام علیہالسلام کے قتل سے باز رکھا۔[۱۶]
قافلے کو کوفہ سے شام لے جایا گیا۔ امام زین العابدین علیہالسلام سے منقول ایک روایت کے مطابق:
حضرت زینب سلاماللہعلیہا اس سفر کے دوران اپنی واجب اور مستحب نمازوں کی پابندی کرتی تھیں، البتہ بعض منزلوں پر بیٹھ کر نماز پڑھتی تھیں، جب ان سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو آپ سلاماللہعلیہا نے بتایا کہ گزشتہ تین راتوں سے بھوک اور کمزوری کی شدت کے باعث ایسا کر رہی ہیں، آپ سلاماللہعلیہا اپنا کھانا بچوں میں تقسیم کر دیتی تھیں، جبکہ ہر شخص کو دن اور رات میں صرف ایک روٹی دی جاتی تھی۔[۱۷]
دربار یزید میں حضرت زینب سلاماللہعلیہا کا خطبہ
شام میں حضرت زینب سلاماللہعلیہا نے ایک مرتبہ پھر خطاب فرمایا، لیکن اس بار یزید کے سامنے۔ یزید خاندان رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کو اسیر دیکھ کر خود کو کامیاب سمجھ رہا تھا، مگر اس کے سامنے ایسی خاتون تھیں جو اس کی طاقت کو عارضی اور اہل بیت علیہمالسلام کی یاد کو ہمیشہ باقی رہنے والی حقیقت سمجھتی تھیں۔
حضرت زینب سلاماللہعلیہا نے اس سے فرمایا:
تم ہماری منزلت تک کبھی نہیں پہنچ سکتے، ہمارے مقام و مرتبے کو چھو نہیں سکتے اور ہماری یاد کو مٹا نہیں سکتے۔[۱۸]
مصیبتوں میں اہل بیت علیہمالسلام کے ساتھ ثابت قدم رہنا اور حق کے دفاع میں استقامت دکھانا ہی وہ مقام ہے جسے آیت اللہ خوئی نے شریکة الحسین کے الفاظ سے تعبیر کیا ہے۔
وہ فرماتے ہیں:
وہ اپنے بھائی امام حسین علیہالسلام کے ساتھ اسلام کے دفاع، راہ خدا میں جہاد اور اپنے جد، سید الانبیاء صلیاللہعلیہوآلہ کی شریعت کی حفاظت میں شریک تھیں۔[۱۹]
حضرت زینب سلاماللہعلیہا کی وفات اور مدفن
بالآخر قیدیوں کا قافلہ شام سے مدینہ واپس آگیا۔[۲۰] حضرت زینب سلاماللہعلیہا اسی شہر میں لوٹ رہی تھیں جہاں سے ایک زمانے میں امام حسین علیہالسلام کے ساتھ روانہ ہوئی تھیں؛ لیکن اب آپ سلاماللہعلیہا کے ساتھ امام حسین علیہالسلام کی جدائی کا غم اور خاندان رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ پر گزرنے والے مظالم کو بیان کرنے کی ذمہ داری بھی تھی۔
آپ سلاماللہعلیہا کی زندگی کے آخری ایام کے بارے میں واضح اور متفقہ روایات دستیاب نہیں ہیں۔ ۱۵ رجب کو، ۶۲ ہجری میں آپ سلاماللہعلیہا کی وفات کے مشہور قول کی بنیاد پر، آپ سلاماللہعلیہا کی رحلت کی مناسبت سے یاد کیا جاتا ہے۔ شام کے شہر دمشق میں آپ سلاماللہعلیہا کا مزار مشہور ہے، اگرچہ آپ سلاماللہعلیہا کی جائے وفات اور مدفن کے بارے میں بھی اختلاف پایا جاتا ہے۔[۲۱]
حضرت زینب سلاماللہعلیہا کی زندگی کے جن پہلوؤں پر روشنی پڑتی ہے، ان میں خاندان رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کے سخت ترین ایام میں آپ سلاماللہعلیہا کی موجودگی نمایاں ہے: والدہ کے فرامین کو محفوظ رکھنے سے لے کر امام زین العابدین علیہالسلام کی حمایت اور امام حسین علیہالسلام کا پیغام ان لوگوں تک پہنچانے تک، جن کے لیے حقیقت کربلا سے آگاہ ہونا ضروری تھا۔
مآخذ
[۱] ۔ الموسوعة الكبرى عن فاطمة الزهراء، ج۵، ص۳۷۸۔
[۲] ۔ «سمّ هذه المولودة زينب؛ فقد اختار اللّه لها هذا الاسم». الموسوعة الكبرى عن فاطمة الزهراء، ج۵، ص۳۷۱–۳۷۲۔
[۳] ۔ «أَتُحِبُّنا يا أَبَتاه؟» فقال الإمام: «وكيفَ لا أُحِبُّكم وأنتُم ثَمرةُ فؤادي!» فقالت: «يا أَبَتاه إنَّ الحُبَّ للهِ تعالى، والشَّفَقةَ لنا». زينب الكبرى من المهد إلى اللحد، ص۴۵، پاورقی۱، به نقل از زينب الكبرى، از مصابيح القلوب۔
[۴] ۔ «أمّه زينب العقيلة بنت عليّ بن أبي طالب»؛ «والعقيلة هي التي روى ابن عباس عنها كلام فاطمة في فدك». مقاتل الطالبيين، ص۷۶، شرح حال عون بن عبدالله بن جعفر۔
[۵] ۔ «ولو قلنا بعصمتها لم يكن لأحد أن ينكر إن كان عارفاً بأحوالها في الطف وما بعده». تنقيح المقال، چاپ قدیم، ج۳، بخش زنان، ص۷۹، مدخل «زينب بنت علي»۔
[۶] ۔ «زوّجها أبوها علي رضي الله عنهما من عبد الله بن أخيه جعفر». أسد الغابة في معرفة الصحابة، ج۷، مدخل «زينب بنت علي بن أبي طالب»۔
[۷] ۔ «أمّه زينب العقيلة بنت عليّ بن أبي طالب»؛ «والعقيلة هي التي روى ابن عباس عنها كلام فاطمة في فدك». مقاتل الطالبيين، ص۷۶، شرح حال عون بن عبدالله بن جعفر۔
[۸] ۔ «ائذن لنسائنا كي يأتين إلى ابنتك ويتعلمن منها معالم الدين وتفسير القرآن». زينب الكبرى من المهد إلى اللحد، ص۵۴، نقلاً عن الخصائص الزينبية، ص۶۸ و ریاحین الشریعة، ج۳، ص۵۷۔
[۹] ۔ «يا بنية الحديث كما حدثتك أم أيمن»؛ «فصبراً صبراً». كامل الزيارات، ص۴۴۸۔
[۱۰] ۔ «وعندي عمتي زينب تمرضني». الإرشاد، ج۲، ص۹۳–۹۴۔
[۱۱] ۔ «في محرابها تستغيث إلى ربها». ليلة عاشوراء في الحديث والأدب، ص۶۵، به نقل از مثير الأحزان، ص۵۶۔
[۱۲] ۔ «يا أختاه لا تنسيني في نافلة الليل». ليلة عاشوراء في الحديث والأدب، ص۶۵۔
[۱۳] ۔ «رأيتها تلك الليلة تصلي من جلوس». ليلة عاشوراء في الحديث والأدب، ص۶۵۔
[۱۴] ۔ «وينصبون لهذا الطف علماً لقبر أبيك سيد الشهداء، لا يدرس أثره ولا يعفو رسمه». كامل الزيارات، ص۴۴۵۔
[۱۵] ۔ «وأنت بحمد الله عالمة غير معلمة، فهمة غير مفهمة». الاحتجاج، ج۲، ص۲۹–۳۱۔
[۱۶] ۔ «والله لا أفارقه فإن قتلته فاقتلني معه». الإرشاد، ج۲، ص۱۱۶–۱۱۷۔
[۱۷] ۔ «أصلّي من جلوس لشدة الجوع والضعف منذ ثلاث ليال»؛ «لأنها كانت تقسم ما يصيبها من الطعام على الأطفال». وفيات الأئمة، ص۴۴۱۔
[۱۸] ۔ «لا تدرك أمدنا، ولا تبلغ غايتنا، ولا تمحو ذكرنا». الاحتجاج، ج۲، ص۳۷۔
[۱۹] ۔ «إنها شريكة أخيها الحسين في الذب عن الإسلام والجهاد في سبيل الله، والدفاع عن شريعة جدها سيد المرسلين». معجم رجال الحديث، ج۲۴، مدخل۱۵۶۵۹، «زينب بنت علي»۔
[۲۰] ۔ «حتى دخلوا المدينة». الإرشاد، ج۲، ص۱۲۲۔
[۲۱] ۔ زينب الكبرى من المهد إلى اللحد، ص۵۹۱–۵۹۲؛ الموسوعة الكبرى عن فاطمة الزهراء، ج۵، ص۳۷۳۔
