رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی شہادت کے بعد اہل نجران کی صورت حال
رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی شہادت کے بعد نجران کے عیسائیوں کی صورت حال بدل گئی، ابویوسف نے اپنی کتاب الخراج میں نقل کیا ہے:
عمر نے انہیں نجران سے بے دخل کر دیا۔[۱] تاہم امیرالمومنین علیہالسلام کے دور خلافت میں ان کی صورت حال اور ان سے کیے گئے سابقہ معاہدوں کا معاملہ ایک بار پھر زیر بحث آیا۔
سلیم بن قیس ہلالی نے امیرالمومنین علیہالسلام سے منقول ایک روایت میں ان اقدامات کا ذکر کیا:
جو آپ علیہالسلام سے پہلے خلفا نے رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کی سیرت کے برخلاف انجام دیے تھے۔ حضرت نے ان اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے، جن کا مقصد معاملات کو رسول اللہ صلیاللہعلیہوآلہ کے دور کی سابقہ حالت پر واپس لانا تھا، اہل نجران کو ان کے سابقہ مقام اور سرزمین پر واپس بسانے کا بھی تذکرہ فرمایا، آپ علیہالسلام نے وضاحت کی کہ اس طرح کی اصلاحات کے نتیجے میں لشکر منتشر ہو سکتا تھا اور آپ علیہالسلام کے بعض ساتھیوں کی مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا تھا، یہ روایت امیرالمومنین علیہالسلام کی نگاہ میں سابقہ معاہدوں کی پاسداری اور اہل نجران کے حقوق کی بحالی کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔[۲]
نجران کے عیسائیوں کے حقوق کی پاسداری پر امیرالمومنین علیہالسلام کی تاکید
ابویوسف نے اپنی کتاب الخراج میں نجران کے اسقف کی امیرالمومنین علیہالسلام سے ملاقات کی مزید تفصیلات بیان کی ہیں، ان کے مطابق:
جب حضرت عراق میں تشریف فرما تھے تو نجران کے اسقف رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ کا ایک تحریری فرمان لے کر آپ علیہالسلام کی خدمت میں حاضر ہوئے، یہ تحریر سرخ رنگ کی کھال پر لکھی ہوئی تھی۔ اسقف نے اس دستاویز کی شرائط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ اہل نجران کو ان کی سرزمین پر واپس بسایا جائے، انہوں نے یہ بھی عرض کیا کہ حضرت ایک نیا تحریری فرمان جاری فرمائیں، جس میں ان کے بارے میں کیے گئے سابقہ معاہدے کی دوبارہ توثیق ہو۔
امیرالمومنین علیہالسلام نے جواب میں اہل نجران کے نام ایک عہدنامہ تحریر فرمایا اور واضح کیا کہ آپ علیہالسلام ان ذمہ داریوں اور وعدوں کی پابندی کریں گے جو رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ نے ان کے لیے مقرر فرمائے تھے۔ آپ علیہالسلام نے مزید تاکید فرمائی کہ جو مسلمان اہل نجران سے معاملہ کریں، ان پر لازم ہے کہ ان معاہداتی شرائط کی پابندی کریں، ان پر کسی قسم کی زیادتی نہ کریں، ان کے ساتھ ظلم و ستم روا نہ رکھیں اور ان کے حقوق میں کوئی کمی نہ کریں۔[۳]
یہ عہدنامہ عبداللہ بن ابی رافع نے ۱۰ جمادی الثانی سنہ ۳۷ ہجری کو تحریر کیا تھا۔[۴]
اس دستاویز کی اہمیت اس بات میں ہے کہ امیرالمومنین علیہالسلام نے ان حقوق کو تسلیم کیا جو رسول خدا صلیاللہعلیہوآلہ نے نجران کے عیسائیوں کے لیے مقرر فرمائے تھے۔ مسلمانوں پر ان کی پاسداری لازم قرار دی تھی۔ یہ عہدنامہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اسلامی تاریخ کی اہم دستاویزات میں شمار ہوتا ہے۔ ان کی جان و مال کے تحفظ، ہر قسم کے ظلم و زیادتی کی ممانعت اور ان کے حقوق کی پاسداری پر تاکید نے اس معاہدے کو مذہبی اقلیتوں کے ساتھ قانونی وعدوں کی وفاداری کی ایک قابل ذکر مثال بنا دیا ہے۔ اسی اعتبار سے اسے عہد اسلام کے ابتدائی دور کی نمایاں قانونی دستاویزات میں شمار کیا جا سکتا ہے۔
مآخذ
[۱] ۔ «و قَد كانَ عُمَرُ أجلاهُم عَن نَجرانَ اليَمَنَ و أسكَنَهُم بِنَجرانَ العِراقَ لأنَّهُ خافَهُم عَلَى المُسلِمينَ» (الخراج، جلد ۱، صفحه ۸۶)
[۲] ۔ «خالَفوا فيها رَسولَ اللهِ صَلّیاللهُعَلَیهِوَآلِهِ مُتَعَمِّدينَ لِخِلافِهِ ناقِضينَ لِعَهدِهِ مُغَيِّرينِ لِسُنَّتِهِ» (الکافی، جلد ۸، صفحه ۵۸)
[۳] ۔ «فَلَمّا استُخلِفَ عَليٌّ عَليهِالسَّلامُ و قَدِمَ العِراقَ أتَوهُ؛ أتَى أسقَفُ نَجرانَ عَليّاً عَلَيهِالسَّلامُ، و مَعَهُ كِتابٌ في أديمٍ أحمَرَ. قالَ: أسألُكَ يا أميَرالمُؤمِنينَ خَطَّ يَديك و شَفاعَةَ لِسانِكَ يَعني لَما رَدَدتَنا إلَى بِلادنا، ثُمَّ كتب لَهُم عَليٌّ ما كَتَبَهُ عَليٌّ لِأهلِ نَجرانَ: "بِسمِ اللهِ الرَّحمَنِ الرَّحيمِ. هَذا كِتابٌ مِن عَبدِاللهِ عَليِّ بنِ أبيطالِبٍ أميرِالمُؤمِنينَ لأهلِ النَّجرانيَّةِ۔
إنَّكُم أتَيتُموني بِكِتابٍ مِن نَبيِّ اللهِ صَلّیاللهُعَلَیهِوَآلِهِ فيهِ شَرطٌ لَكُم عَلَى أنفُسِكُم و أموالِكُم۔ و إنّي وَفَّيتُ لَكُم بِما كَتَبَ لَكُم مُحَمَّدٍ صَلّیاللهُعَلَیهِوَآلِهِ۔ فَمَن أتَى عَلَيهِم مِنَ المُسلِمينَ فَليَفِ لَهُم۔ و لا يُضاموا و لا يُظلَموا و لا يُنتَقَصُ حَقٌّ مِن حُقوقِهِم۔ و كَتَبَ عَبدُاللهِ بنُ أبيرافِعٍ۔ لِعَشرٍ خَلَونَ مِن جُمادَى الآخِرَةِ سَنَةَ سَبعٍ و ثَلاثينَ۔ مُنذُ وَلَجَ رَسولُ اللهِ صَلّیاللهُعَلَیهِوَآلِهِ المَدينَةَ»۔ (الخراج، صفحه ۸۷ / معجم البلدان، جلد ۵، صفحه ۲۶۹ / الصحيح من سيرة النبي الأعظم، جلد ۵، صفحه ۳۸)
[۴] ۔ «و كَتَبَ عَبدُاللهِ بنُ أبيرافِعٍ لِعَشرٍ خَلَونَ مِن جُمادَى الآخِرَةِ سَنَةَ سَبعٍ و ثَلاثينَ»۔ (الصحيح من سيرة النبي الأعظم، جلد ۵، صفحه ۳۸)