حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے دارالقرآن نے عراق کے دیالی اور صلاحالدین صوبوں میں قرآنی پروگراموں کا سلسلہ شروع کیا ہے جن کا مقصد پورے عراق میں قرآن فہمی اور اہل بیت علیہمالسلام کی تعلیمات رائج کرنا ہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام سے وابستہ دارالقرآن الکریم نے عراق کے دیالی اور صلاحالدین صوبوں میں قرآنی کانفرانسوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
یہ سلسلہ دارالقرآن کے فکری و ثقافتی شعبے کے اس منصوبے کا حصہ ہے جو پورے عراق میں قرآنی ثقافت کے فروغ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، اس منصوبے کے تحت چودہ مختلف صوبوں میں قرآنی نشستوں اور علمی مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں حوزہ علمیہ کے اساتذہ اور قرآنی علوم کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
دارالقرآن کے سربراہ علاء محسن نے حرم مقدس کے میڈیا شعبے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی قرآنی کانفرنس صوبہ دیالی کے ضلع مندلی میں منعقد ہوئی جس کا عنوان تھا ’’اہل بیت علیہمالسلام سورۂ نور کی آیت مبارکہ میں‘‘۔ اس نشست میں اس آیتِ شریفہ کے عرفانی و معنوی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی جس کا تعلق اہل بیت علیہمالسلام کے مقام و منزلت سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسری قرآنی کانفرنس صوبہ صلاحالدین میں منعقد ہوئی جس کا عنوان تھا ’’سیرِ بشریت سورۂ واقعہ کی روشنی میں‘‘۔ اس میں مؤمنین اور قرآنی علوم کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس سورۂ مبارکہ میں بیان کردہ انسان کی تقدیر اور حیات کے مراحل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ نشستیں حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام سے وابستہ دارالقرآن کی قرآنی سرگرمیوں کا حصہ ہیں جن کا یہ چھٹا مرحلہ ہے، منصوبے کے مطابق یہ سلسلہ عراق کے تمام صوبوں میں چودہ قرآنی کانفرنسوں کی صورت میں جاری رہے گا۔






