حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کی انتظامیہ نے روزانہ بیس لاکھ لیٹر ٹھنڈا اور صاف پانی زائرین کے لیے فراہم کرنے کی خبر دی ہے، یہ خدمت 500 سے زائد جدید واٹر کولروں کے ذریعے انجام پاتی ہے جو صحنوں، رواقوں اور داخلی راستوں پر نصب ہیں۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام نے زائرین کی خدمت کے لیے روزانہ یس لاکھ لیٹر ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کا انتظام کیا ہے، یہ خدمت حرم مقدس کے اندر اور اردگرد میں نصب جدید واٹر کولروں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے انجام دی جارہی ہے۔
ان واٹر کولروں کو رواقوں، صحنوں اور مرکزی دروازوں پر اس طرح نصب کیا گیا ہے کہ زائرین کو ہر وقت آسانی سے ٹھنڈا اور صاف پانی میسر رہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے پانی کے شعبہ کے سربراہ انجینئر فاضل الطباطبائی نے حرم مقدس کے میڈیا سینٹر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواقوں میں 25 واٹر کولر نصب ہیں، جن میں سے ہر ایک میں تین نل لگے ہوئے ہیں، یوں مجموعی طور پر 75 نل 24 گھنٹے زائرین کو دستیاب ہیں،ان واٹر کولروں کا یومیہ استعمال عام دنوں میں ایک لاکھ لیٹر تک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کولروں کی دیکھ بھال اور صفائی پر مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور پانی کے صاف اور سالم ہونے کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین فلٹرنگ اور کولنگ ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
الطباطبائی کے مطابق، زیارت کے خاص ایام خصوصاً اربعین اور اعیاد کے موقع پر پانی کی فراہمی کو مزید بڑھا دیا جاتا ہے، اضافی ٹینک نیٹ ورک سے منسلک کیے جاتے ہیں اور موبائل واٹر کولر فعال کر دیے جاتے ہیں تاکہ لاکھوں زائرین کو بلاوقفہ پانی دستیاب رہے۔
حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے شعبۂ مکینکی کے سربراہِ انجینئر عقیل برہان رسول نے کہا کہ مرمری واٹر کولر زائرین کی خدمت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں،ان کی تعداد 500 سے زائد ہے، جن میں سے 78 حرم کے اندر، 144 صحن حضرت اُمّالبنین سلاماللهعلیها اور 264 داخلی و بیرونی دروازوں پر نصب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ نظام عام دنوں میں روزانہ ایک لاکھ لیٹر ٹھنڈا پانی پمپ کرتا ہے، جبکہ زیارت کے دنوں میں یہ مقدار بڑھ کر بیس لاکھ لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔
عقیل برہان نے بتایا کہ پرانے پلاسٹک گیلن اور دستی نظام کو کئی برس پہلے ختم کر دیا گیا اور خدماتی سرنگ (Service Tunnel) منصوبے پر عمل شروع کیا گیا، جو حرم کے گرد 7 میٹر چوڑا ہے اور پانی، بجلی اور مواصلاتی خدمات کے لیے مخصوص ہے۔
پینے کا پانی اسی سرنگ کے ذریعے حرم کے چار کونوں پر بنے مراکز سے واٹر کولروں تک پہنچایا جاتا ہے، اس منصوبے کا افتتاح سن 1387 ہجری میں شبِ بعثت کے موقعے پر کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زمین کے نیچے ایک ہزار میٹر طویل پانی کی پائپ لائن بچھائی گئی ہے، جس کی دیکھ بھال اور صفائی کا کام باقاعدگی سے انجام پاتا ہے تاکہ پانی کی روانی اور تسلسل برقرار رہے۔
زائرین نے حرم مقدس کے عملے کی اس خدمت پر گہری مسرت کا اظہار کیا، صوبہ ذیقار سے زیارت کے لیے آنے والے حاج علی نے کہا کہ یہ ایک روحانی سکون کا احساس ہے کہ حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام میں جہاں بھی جائیں ٹھنڈا اور صاف پانی مل جاتا ہے، یہ خدمت زائرین کے آرام و سہولت کے لیے حرم مقدس کی بےمثال توجہ کو ظاہر کرتی ہے۔
حرم مقدس کے پانی کے شعبے کے کارکنوں نے کہا کہ ان کے لیے یہ خدمت نہایت فخر کی بات ہے اور وہ اسے اہلبیت علیہمالسلام کی سنتِ سقایت کا تسلسل سمجھتے ہیں وہی سنت جو ایثار، خدمت اور محبتِ مؤمنین کی علامت ہے۔







