حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے مرکز برائے پروگرامنگ اور ترقی ’’نَظْم‘‘ کی جانب سے خادمین حرم کے لئے ’’خدمت میں خلوص‘‘ کے عنوان سے ایک اسپیشل ورکشاپ منعقد کی گئی۔ یہ ورکشاپ، سید سبطین حسینی کی موجودگی میں دو دن تک منعقد کی گئی،یہ تربیتی پروگرام، حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے خادمین کے لیے مرکز کی جانب سے شروع کیے گئے تعلیمی اور ترقیاتی منصوبوں کا حصہ تھا۔
پیشہ ورانہ کارکردگی میں بہتری
اس مرکز کے ذمہ دار، وسام اسکندر، نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے خادمین کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر بنانا اور ان کے رویوں میں بہتری لانا ہے تاکہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات اس مقدس مقام کی شان کے مطابق ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ میں ’’خدمت میں خلوص‘‘ کے مفہوم،حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام سے اس کے تعلق اور پشہ وارانہ رویوں پر اس کے اثرات کے متعلق وضاحت کی گئی اس کے علاوہ، سرمایہ کاری کے شعبے کے کارکنوں کے لیے فروخت اور خدمات کی پیشکش کے نکات پر بھی تفصیل سے بات کی گئی، جس سے توقع ہے کہ خدمات کے معیار میں اور زائرین کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئے گی۔
تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ جاری
اسکندر نے مزید کہا کہ یہ ورکشاپ مرکز کے تعلیمی پروگرامز کا حصہ ہے جو اس مہینے ۱۲ ورکشاپس کی شکل میں منعقد ہو رہے ہیں اور ہر ورکشاپ میں تقریباً 25 خادمین کی شرکت متوقع ہے، ان ورکشاپس کے موضوعات میں پیشہ ورانہ اخلاقیات کا تعارف، کام کی جگہ پر اخلاقی اصول، اخلاقی اقدار کو فروغ دینا، خدمت میں خلوص کی اہمیت، اور ادارے کے تئیں وفاداری بڑھانے کے طریقے شامل ہیں،ان ورکشاپس کا اصل مقصد خادمین کی کارکردگی کی سطح کو بہتر بنانا، ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور ان کے پیشہ ورانہ رویے میں بہتری لانا ہے، تاکہ یہ سب حرم مقدس امیرالمؤمنین علیہالسلام کے عظیم مقام کے مطابق ہو۔
دفتری کارکردگی میں ترقی
اس ورکشاپ کے اختتام پر، اساتذہ نے ٹیم ورک کے کلچر کو فروغ دینے اور کام کی جگہ پر وفاداری اور ذمہ داری جیسی اخلاقی اقدار کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا،یہ عوامل ادارے کی کارکردگی میں بہتری، ادارہ جاتی ہم آہنگی کو بڑھانے اور زائرینِ امیرالمؤمنین علیہالسلام کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔





